سوتے میں بڑبڑانے کے بعد اب نیند میں میسج کرنے کا مرض عام

اگر آپ نیند میں ٹیکسٹ میسج کرنے کی عجیب عادت میں مبتلا ہیں تو یاد رکھیں کہ یہ کیفیت عام ہوتی جارہی ہے


ویب ڈیسک December 11, 2018
مغرب میں نیند کے دوران میسج کرنے کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں۔ فوٹو فائل

اگر آپ کے دوست کی جانب سے آپ کو ٹیکسٹ کچھ اس طرح موصول ہو:

Me kal aapsoo n,, milne aa veggird ;'fuelme


تو زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ ایک نفسیاتی کیفیت کا شاخسانہ ہوسکتا ہے۔

اس نہ سمجھ آنے والے ٹیکسٹ میسج کو ایک نئے مرض سے تعبیر کیا جارہا ہے جسے عین نیند میں باتیں کرنے کی طرح نیند میں ٹیکسٹ کرنے کی ایک کیفیت کے طور پر پیش کیا جارہا ہے جس میں لوگ فون اٹھاتے ہیں، ان لاک کرتے ہیں، دوست کا انتخاب کرتے ہیں، میسج لکھ کر اسے سینڈ کردیتے ہیں اور یہ سب کچھ نیند میں ہوتا ہے۔ اس میں میسج لکھنے والا آنکھیں بھی نہیں کھولتا اور اسے 'سلیپ ٹیکسٹ' کا نام دیا جارہا ہے جس میں لکھا جانے والا پیغام بے معنی اور گڑبڑ ہوتا ہے۔

اگرچہ یہ عجیب بات لگتی ہے کہ لیکن آپ کو جان کر حیرت ہوگی کہ ٹیکسٹ کرنے والے کو یاد بھی نہیں رہتا کہ اس نے کسی کو کوئی پیغام بھیجا ہے۔ اس کیفیت کو پیرا سومنیا کی ایک قسم قرار دیا گیا ہے جس کا مطلب ہے کہ لوگ سوتے میں عجیب و غریب کام کرنے کے عادی ہوں تاہم یہ کیفیت کم ازکم مغربی ممالک میں ہماری توقع سے زیادہ عام ہوتی جارہی ہے۔

اس ضمن میں پینسلوانیا میں وِلانووا یونیورسٹی کے ماہرین نے کالج کے 372 طلبا و طالبات سے نیند اور فون کے استعمال کے بارے میں سوالات کیے تو ان میں سے 26 فیصد افراد نے کہا کہ وہ کسی موقع پر نیند میں بھی میسج بھیجتے ہیں۔ ٹیکسٹ کرنے والوں کی اکثریت رات کو فون اپنے پاس رکھ کر سوتی ہے اور ایک تعداد اس سے بچنے کے لیے بستر کے درمیان سوتی ہے اور فون کو دور رکھنے کی کوشش کرتی ہیں۔

ماہرین نے اس کیفیت پر مزید تحقیق کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ فون کو خود سے دور رکھیں یا فون مکمل آف کرکے سوئیں۔