سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کو ہم کبھی نہیں بھولیں گے

دہشت گردوں نے اسکول پر حملہ کرکےعلم کی شمع بجھانا چاہی لیکن قوم کے حوصلے پست نہ ہوئے


ویب ڈیسک December 16, 2018
دہشت گردوں نے اسکول پرحملہ کرکے علم کی شمع بجھانا چاہی لیکن قوم کے حوصلے پست نہ ہوئے (فوٹو : فائل)

سانحہ آرمی پبلک اسکول کی چوتھی برسی پر ملک بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا، صدر، وزیر اعظم اور آرمی چیف نے اپنے پیغامات میں دشمنوں سے لڑنے اور متحدہ رہنے کا درس دیا۔

آرمی پبلک اسکول پشاور پر دہشت گردوں کے حملے کو 4 سال مکمل ہوگئے لیکن شہداء کے والدین تاحال غم کی کیفیت میں ہیں۔ 16 دسمبر کی تاریخ ہر سال آتی ہے اور سانحہ آرمی پبلک اسکول کے زخموں کو کرید کر چلی جاتی ہے، اس دن پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں نے حملہ کرکے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا اور طلبا سمیت 150 افراد کو بے دردی سے شہید کردیا۔

اس الم ناک حادثے کی چوتھی برسی نے ننھے منے شہید بچوں کے والدین کے زخموں کو پھر سے تازہ کردیا، آنکھوں کے آنسو خشک ہوچکے تھے لیکن بچوں کی چوتھی برسی پر یہ چشمے پھر سے پھوٹ پڑے۔

جن والدین کے بچے بچ گئے وہ بھی اس ہول ناک دن کو فراموش نہیں کرسکے، دہشت گردوں نے اسکول پر حملہ کرکے علم کی شمع بجھانا چاہی، مستقبل کے معماروں کو نشانہ بنا کرملک اور سیکیورٹی اداروں کا حوصلہ توڑنے کی کوشش کی لیکن قوم کے حوصلے پست نہ ہوئے، اپنے پیاروں کو کھونے کے بعد قوم نے نئے عزم کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کی ٹھانی جو ملک بھر میں جاری تعلیمی سرگرمیاں ملک دشمنوں کو پیغام دے رہی ہیں کہ قوم کےعزم میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور شہداکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

والدین ہر 16 دسمبر کو اکٹھے ہوتے ہیں اور اپنے جگر گوشوں کی یاد میں شمعیں جلاتے ہیں، ان کا کہنا ہے جب تک سانسیں ہیں، ان کے بچوں کی یادیں زندہ ہیں اور ہمیشہ زندہ رہیں گی۔

یہ پڑھیں: قوم انتہا پسندی کا راستہ روکنے کیلئے ہر قربانی دینے کا عزم کرے، صدر عارف علوی

صدر عارف علوی نے سانحہ اے پی ایس شہدا کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ قوم عہد کرے انتہا پسندی کا راستہ روکنے کے لیے ہر قسم کی قربانی دے گی، سانحہ اے پی ایس ایک قومی المیہ ہونے کے ساتھ تجدید عہد کا بھی دن ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ 16 دسمبر کے دلخراش واقعے نے دہشت گردی کے خلاف یکجہتی اور وحدت کو جنم دیا، سیکیورٹی اداروں نے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن معرکہ سرانجام دیا جس کی مثال نہیں ملتی، معصوم جانوں نے لہو کا نذرانہ دے کرقوم کو سفاک دشمن کے خلاف متحد کر دیا۔

اسی سے متعلق : قوم نے چیلنجز کی بھاری قیمت چکائی لیکن بہادری سے مقابلہ کیا، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سانحہ اے پی ایس کے شہدا اور ان کے والدین کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے لیے دعا گو ہوں اور شہدا کے بہادر والدین کو سلام پیش کرتے ہیں۔
اے پی ایس شہدا کی یاد میں آرمی پبلک اسکول میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہدا کے والدین، اساتذہ و طلبا، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود اور گورنر خیبرپختون خوا شاہ فرمان نے شرکت کی۔

تقریب میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو سلامی پیش کی گئی اور آرمی پبلک اسکول میں شہدا کے لئے قرآن خوانی کی گئی جس میں شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے اجتماعی دعا کی گئی۔

کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود نے سانحہ اے پی ایس کے شہدا کے لواحقین سے ملاقات بھی کی جب کہ یاد گار شہدا پر پھول بھی چڑھائے۔

واضح رہے کہ 16 دسمبر 2014ء کو دہشت گردوں نے آرمی پبلک اسکول ورسک روڈ پشاور کے اندر قتل عام کرتے ہوئے اسکول کے طلبا اور پرنسپل طاہرہ قاضی سمیت 150 افراد کو شہید کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ اے پی ایس کی چوتھی برسی پر پاک فوج کا نیا نغمہ ریلیز
دریں اثنا سانحہ کی چوتھی برسی پر آئی ایس پی آر نے ایک نغمہ جاری کردیا۔ نیا نغمہ 'ہمیں آگے ہی جانا ہے' میں دشمن کی چالوں میں نہ آنے ، علم کے سورج کے طلوع ہونے، ساتھ رہنے اور آگے بڑھنے کے عزم کے اظہار سمیت سب کو ملکی ترقی میں شامل ہونے، اپنے شہدا کو نہ بھولنے، ملکی یکجہتی اور ہم آہنگی کا پیغام دیا گیا ہے۔