مراکش کی بلند و بالا برفانی چوٹیوں پر یورپی خواتین سیاح قتل

ناروے اور ڈنمارک سے تعلق رکھنے والی طالبات نے کرسمس کی تعطیلات منانے مراکش کے سیاحتی پہاڑی سلسلے کا رخ کیا تھا


ویب ڈیسک December 18, 2018
ناروے یونیورسٹی کی طالبات سیاحتی مقام تعطیلات گزارنے آئی تھیں۔ فوٹو : فیس بک

مراکش کے سیاحتی مقام پر ڈنمارک اور ناروے سے تعلق رکھنے والی دو طالبات کو تیز دھار آلے سے قتل کردیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مراکش کے سیاحتی پہاڑی سلسلے اٹلس کی بلند چوٹی پر قائم ایک کیمپ سے ناروے اور ڈنمارک کی دو طالبات کی لاشیں ملی ہیں۔ طالبات کے گردن پر تیز دھار آلے کا نشان ہے۔

لاشوں کی شناخت ناروے کی 28 سالہ طالبہ مارین کے نام سے ہوئی ہے تاہم ڈنمارک سے تعلق رکھنے والی طالبہ کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ ناروے کی یونیورسٹی میں زیر تعلیم دونوں طالبات کرسمس کی تعطیلات منانے سیاحتی مقام آئی تھیں۔

مراکش پولیس نے سیاح طالبات کے ممالک کو قتل سے آگاہ کردیا جب کہ ایک ملزم کو گرفتار کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا۔ ملزم سے قتل کے محرکات جاننے کے لیے تفتیش کی جارہی ہے۔ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

ناروے کی مقتول طالبہ مارین کی والدہ نے اپنی بیٹی کی تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ دونوں طالبات تمام تر حفاظتی اقدامات کے ساتھ مراکش گئی تھیں۔