موسم سرما کی تعطیلات طلبا 22 سے 31 دسمبر تک چھٹیوں کے مزے لیں گے

چھٹیوں کا حکم نامہ جاری کردیا گیا، یکم جنوری کوتعلیمی ادارے کھل جائیں گے۔


Staff Reporter December 20, 2018
موسم سرماکی تعطیلات جنوری میں کیں تواسکول کھلتے ہی امتحان لیناممکن نہیں رہے گا،وزیرتعلیم۔ فوٹو:فائل

سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم سرماکی تعطیلات کے شیڈول کا حکم نامہ جاری کردیاہے جس کے مطابق سندھ بھرکے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں (اسکولوں اورکالجوں)میں موسم سرماکی تعطیلات ہفتہ 22دسمبرسے شروع ہوکرپیر 31 دسمبرتک جاری رہیں گی۔

صوبائی سیکریٹری اسکول ایجوکیشن قاضی شاہد پرویز کی جانب سے بدھ کوجاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق اسٹیرنگ کمیٹی کے 12فروری 2018 کے منعقدہ اجلاس کے فیصلے کے مطابق موسم سرما کی تعطیلات کے بعد تعلیمی ادارے منگل یکم جنوری 2019سے دوبارہ کھل جائیں گے اوراسکولوں وکالجوں میں تدریسی عمل ایک بارپھرشروع ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ کراچی میں قائم بیشترنجی اسکولوں نے موسم سرماکی تعطیلات ایک روزقبل جمعہ 21دسمبرسے شروع کرنے کے سرکلربھی جاری کردیے ہیں۔

شہرمیں تیزرفتارمغربی ہواؤں کازورٹوٹ جانے کے سبب سردی کی تین روزپرانی شدت میں بھی کمی آگئی ہے اورسندھ میں ایک بارپھرموسم سرماکی تعطیلات معتدل موسم میں ہی شروع ہونے جارہی ہیں۔

قابل ذکرامریہ ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھرمیں موسم سرما کی چھٹیاں دسمبرکے آخری عشرے میں ہوتی ہیں جبکہ سردی کی شدیدلہرجنوری کے پہلے سے دوسرے عشرے کے دوران آتی ہے رواں برس برس فروری میں محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کے منعقدہ اجلاس میں بھی یہ مسئلہ زیرغورآیاتھا۔

اجلاس میں موجود محکمہ موسمیات کے افسرنے اس حوالے سے سابق وزیرتعلیم کوتفصیلی بریفننگ بھی دی تھی اس بریفننگ میں محکمے کی جانب سے پیش کردہ اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ کئی برسوں میں کراچی سمیت سندھ کے کئی اضلاع میں سردی کی لہردسمبرکے بجائے جنوری میں ہی آتی ہے تاہم معاملے کواس وقت ٹال دیاگیا تھا۔

''ایکسپریس''نے جب اس معاملے پرایک نشست کے دوران سندھ کے نئے وزیرتعلیم سردارعلی شاہ سے اس معاملے پر استفسارکیا تو وزیرتعلیم سندھ کا کہناتھاکہ سندھ کے تعلیمی اداروں میں موسم سرماکی تعطیلات میں فی الحال کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جارہی موسمیاتی تبدیلی کے سبب اب کراچی سمیت سندھ بھرمیں سردی کی لہرجنوری میں آتی ہے تاہم اس کے باوجود فی الحال موسم سرماکی تعطیلات کے شیڈول کوتبدیل نہیں کرسکتے کیونکہ اگرموسم سرماکی تعطیلات جنوری میں کریں گے تواسکول کھلتے ہی امتحان لینا ممکن نہیں رہے گا، امتحانات میں تاخیرسے سیشن کے آغاز میں دیرہوجائے گی اوراپریل سے نیاسیشن شروع کرنامشکل ہوجائے گالہٰذااس معاملے پر بعدازاں غورکریں گے۔