اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سفاک قاتل ہیں ترک وزیر خارجہ

اسرائیلی وزیراعظم اور ترک صدر کے ترجمان کے درمیان ٹویٹر پر لفظی جنگ جاری ہے


ویب ڈیسک December 23, 2018
نیتن یاہو اسرائیل سے قبضہ ختم کریں اور فلسطینیوں کی نسل کشی سے باز آئیں۔ ترجمان ترک صدر فوٹو : فائل

ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے 'سفاک قاتل' قرار دے دیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے وزیرخارجہ میولوت چاوش نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو مقبوضہ فلسطین پر جاری ظلم و بربریت پر جدید دور کا سفاک قاتل قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ترک اور اسرائیل کے درمیان لفظی گولہ باری کا آغاز ترک صدر کے ایک بیان پر اسرائیلی وزیراعظم کی ٹویٹ سے ہوا، نیتن یاہو نے قبرص میں کردوں کے خلاف آپریشن کو نسل کشی قرار دیتے ہوئے اردگان حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔



اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی ٹویٹ پر ترک صدر طیب اردگان کے ترجمان ابراہیم کیلن نے طنزاً لکھا کہ کرپشن الزامات کا سامنا کرنے والے اسرائیلی وزیراعظم کردوں کی ہمدردی سمیٹنے کی کوشش میں اپنے اندرونی مسائل سے جان نہیں چھڑا پائیں گے۔

ترک صدر کے ترجمان نے مزید لکھا کہ نیتن یاہو کو ترک صدر کے سچ بولنے پر اعتراض کرنے کے بجائے فلسطین پر اپنے قبضے اور فلسطینی شہریوں پر بہیمانہ تشدد اور نسل کشی کے عمل کو ختم کرنا چاہیئے۔