آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے روسی سفیر کی ملاقات

آرمی چیف سے ملاقات میں روسی سفیر نے پاکستان کے 10 فوجی افسروں اور 2 سپاہیوں کے لیے ایوارڈز پہنچائے، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک December 27, 2018
ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، آئی ایس پی آر ۔ فوٹو : آئی ایس پی آر

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے روسی سفیر نے ملاقات کی جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے روسی سفیر الیگزے دیدوف نے ملاقات کی جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران روسی سفیر نے اپنی حکومت کی جانب سے پاکستان کے 10 فوجی افسروں اور 2 سپاہیوں کودیئے گئے ایوارڈز بھی آرمی چیف کے حوالے کیے، اس کے علاوہ روسی سفیر نے آرمی چیف کو دولت مشترکہ میڈل اور روسی کوہ پیمائی فیڈریشن کا تعریفی خط بھی پہنچایا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : پاک فوج نے بیافو گلیشیئر کی چوٹی پر پھنسے روسی کوہ پیما کو بچالیا

آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی جوانوں کو یہ ایوارڈز جولائی 2018 میں روسی کوہ پیما کی مدد پر دییے گئے، پاک آرمی ایوی ایشن نے انتہائی مشکل موسمی حالات میں امدادی آپریشن سرانجام دیا تھا۔