امریکا سوویت یونین کی شکست سے سبق سیکھے افغان طالبان

افغان عوام اپنی زمین پر کسی کا بھی قبضہ برداشت نہیں کریں گے،طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد


ویب ڈیسک December 28, 2018
امریکا نے افغانستان سے اپنے نصف فوجی بلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ فوٹو : فائل

افغان طالبان نے کہا ہے کہ امریکا کو سابق سوویت یونین کی شکست اور ٹکڑوں میں منقسم ہوجانے سے سبق سیکھنا چاہیے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان پر سوویت یونین کے حملے کے 39 سال پورے ہونے پر افغان طالبان نے امریکا کو فوری طور پر افغانستان سے نکل جانے کا مشورہ دیا ہے۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ افغان عوام اپنی زمین پر کسی کا بھی قبضہ برداشت نہیں کریں گے، روس کی شکست کو مدنظر رکھتے ہوئے امریکا افغان شہریوں کی مشکلات سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت کو دوبارہ نہ آزمائے۔

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ افغانستان میں موجود امریکی دستوں کی تعداد میں کمی کا اعلان کر چکے ہیں جس کے بعد وائٹ ہاؤس انتظامیہ افغانستان میں تعینات 14 ہزار فوجیوں میں سے نصف کو واپس بلانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔