کراچی فائرنگ اور تشدد سے مزید11ہلاک پولیس اہلکار سمیت12زخمی

قائداعظم کالونی میں80سالہ پیرمحمد، کھاردارمیں نوجوان، بلدیہ میں محنت کش،محمدگوٹھ میں50سالہ احمدفائرنگ کا نشانہ بنا


Staff Reporter July 11, 2013
جوڑیا بازارمیں دکاندارماراگیا،نیوکراچی اور بلدیہ سے 2 ،موچکومیں جھاڑیوں سے 2،ملیرمیں ڈیری فارم سے 2افرادکی لاشیں ملیں فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں مزید11 افرادہلاک اور پولیس اہلکار سمیت 12افرادزخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق مبینہ ٹاؤن کے علاقے قائداعظم کالونی میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے 80 سالہ پیرمحمد ہلاک جبکہ 75 سالہ حاجی بانود خان اور 85 سالہ محمدخان زخمی ہوگئے ہلاک وزخمیوں کونجی اسپتال پہنچایاگیا،ہلاک و زخمی ہونے والے قائد اعظم کالونی میں کسی کے جنازے میں شرکت کیلیے آرہے تھے کہ موٹر سائیکل سواروں نے ان پرفائرنگ کردی،انھوں نے بتایا کہ ہلاک و زخمی سہراب گوٹھ میں ریتی بجری کے اڈے کے مالک اور ملازم ہیں۔کھارادرکے علاقے میں گولڈن فوٹو شاپ کے قریب نامعلوم افرادکی فائرنگ سے نوجوان ہلاک ہوگیا ۔

مقتول کی لاش سول اسپتال پہنچائی گئی ،مقتول کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی،عمر تقریباً 30 برس معلوم ہوتی ہے ۔بلدیہ ٹاؤن کے علاقے سعید آبادسیکٹرفور ڈی میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا33 سالہ رضا خان دوران علاج سول اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ،مقتول محنت کش تھا،وہ اپنے گھر کے باہر بیٹھا ہوا تھا کہ نامعلوم افراد فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔منگھوپیر کے علاقے میں ہمدردیونیورسٹی کے قریب علی محمد گوٹھ میں فائرنگ سے50 سالہ احمد بلوچ ہلاک ہوگیا۔کھارادرکے علاقے جوڑیابازارمیں سنہری مسجد کے قریب دکان پرنامعلوم افراد کی فائرنگ سے 22 سالہ عبدالرحیم ہلاک ہوگیا ،مقتول کی برتنوں کی دکان تھی اوروہ علاقے کا ہی رہائشی تھا۔ موچکو کے علاقے میں عبداللہ گوٹھ اور عمر گوٹھ کی درمیانی سڑک پر جھاڑیوں سے 2 افراد کی لاشیں ملیں ۔



دونوں افراد کی عمریں 35 سے 40 برس کے درمیان ہیں اوروہ شلوار قمیص میں ملبوس ہیں،حلیے سے کچھی یا بلوچ لگتے ہیں،فوری طور پر مقتولین کی شناخت نہیں ہوسکی۔ملیر کینٹ کے علاقے میں ڈیری فارم کے اندرسے 2 افراد کی لاشیں ملیں جنھیں نامعلوم افراد نے تشدد کا نشانہ بناکر ہلاک کردیا ، لاشوں کو جناح اسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کی شناخت 29 سالہ حق نواز اور 35 سالہ رزاق کے نام سے ہوئی ، مقتولین مذکورہ پولٹری فارم کے ہی ملازم تھے جبکہ ان کا آبائی تعلق بہاولپور سے تھا۔نیوکراچی صنعتی ایریا میں خمیسو گوٹھ سے لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا، مقتول کی شناخت 25 سالہ رہبر ابڑو کے نام سے ہوئی ہے جس کا آبائی تعلق لاڑکانہ سے تھا،،فوری طور پر واقعے کی نوعیت کا علم نہیں ہوسکا۔

لائنزایریامیں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے35سالہ قمر الدین،ناظم آبادگجر نالے کے قریب35سالہ ذیشان،سائٹ ایریا میں 15 سالہ عاقب، میٹروول میں 40 سالہ پولیس کانسٹیبل محمداسحاق زخمی ہوگیا ۔کھارادر کے علاقے باکڑا ہوٹل کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 5 افراد 25 سالہ عمران ، 65 سالہ عبدالرزاق ، 35 سالہ ندیم ، 50 سالہ داؤد اور 48 سالہ سلیم زخمی ہوگیا جنھیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لایا گیا فائرنگ سے موقع پر موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے علاقے میں پہنچ کر صورتحال پر قابو پالیا۔ بلدیہ ٹاؤن کے علاقے بکرا پیڑی کے قریب سے نامعلوم شخص کی ہاتھ پاؤں بندھی ہوئی لاش ملی جسے رات گئے ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال لایا گیا۔ کھارادر کے علاقے باکڑا ہوٹل کے قریب ہونے والی فائرنگ سے ڈاکس تھانے کا اے ایس آئی اسرار بھی زخمی ہوگیا۔