امریکی صدر کو ایوان نمائندگان میں ایک اور ناکامی کا سامنا

امریکا میں 13 دن سے حکومتی دفاتر بند ہونے کی وجہ سے کار مملکت ٹھپ پڑے تھے


ویب ڈیسک January 04, 2019
اسپیکر نینسی پلوسی نے میکسیکو سرحدی دیوار فنڈز منظور نہ کرنے کی رولنگ برقرار رکھی۔ فوٹو : فائل

امریکی ایوانِ نمائندگان نے 6 بلوں کی منظوری دیکر امریکی صدر کو شٹ ڈاؤن کے خاتمے کے لیے آئینی جواز فراہم کر کے ایک نئے امتحان میں ڈال دیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈیموکریٹس کے اکثریتی ایوان نے حکومتی شٹ ڈاؤن ختم کرنے کے لیے 6 بلوں کو منظور کرلیا تاہم میکسیکو سرحدی دیوار فنڈز بل کو دوبارہ نامنظور کرکے امریکی صدر کے لیے مشکلات میں اضافہ کردیا۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بدستور اپنے موقف پر قائم ہیں اور کسی بھی قسم کی لچک دکھانے کے لیے تیار نہیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ کسی بھی ایسے اقدام کو قبول نہیں کیا جائے گا جس میں میکسیکو سرحدی دیوار کی تعمیر کا زکر نہ ہو۔



امریکی صدر نے مزید کہا کہ 2020 میں ہونے والے صدارتی الیکشن میں ڈیموکریٹس کو اپنی ناکامی کا مکمل یقین ہے اور وہ میری کارکردگی کا مقابلہ نہیں کرسکتے اس لیے میکسیکو سرحدی دیوار کی تعمیر کو تنازع بنا کر سیاست کی جارہی ہے۔

ادھر ڈیموکریٹس بلوں کی منظوری کے بعد حکومتی اداروں میں پیدا ہونے والے عارضی بحران کے خاتمے کے لیے پُرامید ہیں جس کے بعد کئی ادارے دوبارہ امور مملکت چلانے کے لیے کھل جائیں گے اور سرکاری ملازمین کی رکی ہوئی تنخواہیں جاری ہوجائیں گی۔

واضع رہے کہ امریکا میں ہونے والے وسط مدتی الیکشن کے بعد امریکی کانگریس کے سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان پہلی مرتبہ فعال ہوئے ہیں۔ ایوانِ نمائندگان میں ٹرمپ کی مخالف جماعت ڈیمو کریٹک پارٹی کی اکثریت ہے اور اراکین نے نینسی پلوسی کو اسپیکر منتخب کیا ہے۔