لاہور ہائیکورٹ نے نیب کو رمضان شوگر ملز کیخلاف تحقیقات سے روک دیا

ہائیکورٹ نے حکم امتناع دیتے ہوئے نیب سے 21 جنوری تک جواب طلب کر لیا


ویب ڈیسک January 08, 2019
جسٹس قاضی امین اور جسٹس شاہد مبین پر مشتمل دو رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی، فوٹو: فائل

لاہور ہائی کورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو رمضان شوگر ملز کے خلاف تحقیقات سے عارضی طور پر روک دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جسٹس قاضی امین اور جسٹس شاہد مبین پر مشتمل دو رکنی بنچ نے ملز انتظامیہ، چیف فنانشل آفیسر محمد عثمان اور کمپنی سیکرٹری طارق دستگیر خان کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ نیب رمضان شوگر ملز کیخلاف کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے نیب کے دو نوٹسز کے تفصیلی جوابات دیے تفتیش میں تعاون کیا اور نیب کے مانگنے پر تمام متعلقہ ریکارڈ بهی فراہم کیا گیا ہے تاہم جوابات دینے اور تعاون کے باوجود نیب نے پولیس کی مدد سے گهروں پر چھاپے مارے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کی شوگر مل کے غیرقانونی نالے کیلئے جعلی عوامی سروے کا انکشاف

درخواست گزار کے مطابق نیب کے چهاپے بنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزی اور ہراساں کرنے کے مترادف ہیں، اٹهارویں ترمیم کے بعد نیب کا قانون آئین کے آرٹیکل 89 اور 270 اے اے کی روشنی میں غیرمؤثر ہوچکا ہے،لاہور ہائیکورٹ نیب کے قانون کو آئین کی روشی میں غیرقانونی و غیرمئوثر قرار دےاور غیرمؤثر نیب قانون کے تحت جاری نوٹسز کو بهی غیرقانونی قرار دیا جائے۔

عدالت نے ابتدائی سماعت کے مطابق نیب کو شوگرملز کے خلاف تحقیقات سے روک دیا اورحکم امتناع جاری کرتے ہوئے نیب سے 21 جنوری تک جواب طلب کر لیا۔