کوٹ لکھپت جیل میں نوازشریف کو ٹھنڈ لگ گئی

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 9 جنوری 2019
 نواز شریف کی کوٹ لکھپت جیل میں طبعیت خراب کی خبر میں کوئی حقیقت نہیں، جیل حکام فوٹو:فائل

نواز شریف کی کوٹ لکھپت جیل میں طبعیت خراب کی خبر میں کوئی حقیقت نہیں، جیل حکام فوٹو:فائل

 لاہور:  سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد محمد نواز شریف کو لاہور کا سرد موسم راس نہ آسکا اورگزشتہ دنوں لاہور میں پڑنے والی شدید سردی اور بارش کے اثرات کوٹ لکھپت جیل تک پہنچ گئے۔

بتایا گیا ہے کہ دھوپ کی شدت میں کمی اور شدید سرد موسم کے باعث کوٹ لکھپت جیل میں قید نواز شریف کو ٹھنڈ کی شکایت ہوئی ہے جس کی وجہ سے ان کی طبیعت ناساز ہو گئی۔ سردی کے اثرات کے باعث سابق وزیر اعظم کے جسم اور سر میں درد کی شکایت ہے، انھیں ہلکے زکام کا بھی سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کو جیل میں ہی طبی امداد دی گئی۔

جیل ذرائع کے مطابق نوازشریف کی طبیعت ٹھیک ہے اور جیل میں ان کا روزانہ کی بنیاد پر معائنہ کیا جا تا ہے۔ دریں اثنا میاں نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ان کی بیٹی مریم نواز نے گزشتہ روز ملاقات کی۔ملاقات 40 منٹ تک جاری رہی۔مریم نواز کو ملاقات کے لیے اسپیشل اجازت دی گئی۔ جیل ذرائع کے مطابق مریم نواز نے اپنے والد میاں نواز شریف کی طبیعت کے بارے میں بات کی جبکہ دیگر امور پر بھی بات چیت ہوئی۔ مریم نواز ملاقات کے بعد واپس چلی گئی۔

جیل حکام نے کہاہے کہ نواز شریف کی کوٹ لکھپت جیل میں طبعیت خراب کی خبر میں کوئی حقیقت نہیں۔ انھوں نے اس بات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف بالکل ٹھیک اور تندرست ہیں ان کا میڈیکل چیک اپ روزانہ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے اور وہ روٹین کا حصہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔