ن لیگ اور پی پی کو قریب لانے کیلیے نیشنل پارٹی سرگرم

حاصل بزنجو کی زرداری اور بلاول سے ملاقات،اپوزیشن جماعتوں میں ہم آہنگی پر مشاورت


Staff Reporter January 10, 2019
حاصل بزنجو کی زرداری اور بلاول سے ملاقات،اپوزیشن جماعتوں میں ہم آہنگی پر مشاورت فوٹو: فائل

نیشنل پارٹی اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن کو قریب لانے کیلیے سرگرم ہوگئی ہے۔

بدھ کو نیشنل پارٹی کے سربراہ حاصل بزنجونے اپوزیشن جماعتوں کویکجا کرنے کے معاملہ پر بلاول ہاؤس میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے سربراہ آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس میں پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن سمیت دیگراپوزیشن جماعتوں کے مابین سیاسی ہم آہنگی اورباہمی تعاون سمیت دوسرے امور پر مشاورت کی گئی۔

ملاقات میں اس بات پراتفاق کیا گیا کہ اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں کوعوامی مفاد میں قومی امورپراتفاق رائے قائم کرنا ہوگا۔ حاصل بزنجو کا کہنا ہے کہ آصف زرداری سے ملاقات کے بعد نواز شریف سمیت دیگر ن لیگی رہنماؤں سے ملاقات کروں گا آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے آصف زرداری جمہوری قوتوں کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں۔ انھوں نے کہاکہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات مثبت رہی ہے جمہوریت کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کے خلاف سخت مزاحمت کا اتفاق کیا گیا ہے۔