وفاقی وزرا کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے آزاد کشمیر کا معاملہ پیچیدہ ہورہا ہے، بلاول بھٹو

اگر کوئی وفاقی وزیر اپنے نامناسب الفاظ پر معذرت نہ کرے تو تاثر جاتا ہے کہ وفاقی حکومت کی تائید ہے، انٹرویو


ویب ڈیسک July 20, 2026

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے حالیہ بحران میں وفاقی وزرا غیر ذمہ دارانہ بیانات دے کر معاملے کو مزید پیچیدہ بنارہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی کامیابی کو پاکستان کی کامیابی سمجھتا ہوں مگر آزاد کشمیر کا معاملہ اب بحران کی شکل اختیار کرگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے حالیہ بحران میں بعض وفاقی وزراء کے غیر ذمہ دارانہ بیانات نے معاملات کو بہتر بنانے کے بجائے مزید پیچیدہ کیا، اختلافِ رائے اپنی جگہ، مگر ذمہ دار عہدوں پر موجود افراد کو ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہیے جو کشیدگی میں اضافہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی وفاقی وزیر اپنے نامناسب الفاظ پر نہ معذرت کرے اور نہ ہی اپنے مؤقف پر نظرِ ثانی کرے، تو اس سے یہی تاثر جاتا ہے کہ وفاقی حکومت ان بیانات کی تائید کر رہی ہے۔