حنیف عباسی نے عمر قید کی سزا کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 12 جنوری 2019
عمر قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا معطل کر کے ضمانت پر رہا کیا جائے، حنیف عباسی فوٹو:فائل

عمر قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا معطل کر کے ضمانت پر رہا کیا جائے، حنیف عباسی فوٹو:فائل

 لاہور: مسلم لیگ کے رہنما حنیف عباسی نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں عمر قید کی سزا کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔

حنیف عباسی نے عدالت سے درخواست کی کہ عمر قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا معطل کر کے ضمانت پر رہا کیا جائے۔ حنیف عباسی کے وکیل سینئر قانون دان اعظم نذیر تارڑ نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے روبرو دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ انہوں نے پہلے راولپنڈی بنچ میں سزا کو چیلنج کیا تھا تاہم وہاں کے ججز نے کیس کی سماعت سے معذرت کرلی جس کے بعد اب تک کوئی نیا بنچ نہیں آیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایفی ڈرین کیس میں حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا

درخواست میں استدعا کی گئی ان کے موکل 6 ماہ سے جیل میں ہیں جن کی سزا خلاف قانون ہے، لہذا لاہور میں ہی بنچ تشکیل دیا جائے اور اپیل کی سماعت کی جائے۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے راولپنڈی بنچ سے مقدمہ کی فائل طلب کرلی اور آئندہ ہفتہ لاہور میں خصوصی ڈویژن بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔

واضح رہے کہ راولپنڈی کی انسداد منشیات عدالت نے گزشتہ سال 21 جولائی کو حنیف عباسی کو ایفی ڈرین کوٹہ الاٹمنٹ کیس میں انسداد منشیات کی دفعات کے تحت عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔