شاہ رخ کو متعارف کروانیوالے عزیز مرزا نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

فلم انڈسٹری میں بہترین وقت گزرا، دنیا کے حسین مقامات کی سیرکرنا چاہتا ہوں، ’’ ایکسپریس‘‘ سے گفتگو


Qaiser Iftikhar July 16, 2013
فلم انڈسٹری میں بہترین وقت گزرا، دنیا کے حسین مقامات کی سیرکرنا چاہتا ہوں، ’’ ایکسپریس‘‘ سے گفتگو. فوٹو : فائل

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کوشوبزمیں متعارف کروانے والے معروف ہدایتکارو فلمسازعزیزمرزا نے باقاعدہ طورپرریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

انھوں نے شوبز سرگرمیوں کو خیرباد کہہ کر بھارت کے دور دراز علاقوں سمیت دنیا کے حسین مقامات کی سیرکرنے کا ارادہ کرلیا ہے۔ اس سلسلہ میں وہ پہلے بھارت کے خوبصورت مقامات کی سیر کرینگے اوراس کے بعد یورپ، امریکہ، افریقہ، کینیڈا، روس اور مڈل ایسٹ کے مختلف ممالک کی سیر پر جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ '' ایکسپریس''کوفون پرانٹرویودیتے ہوئے عزیزمرزانے بتایاکہ فلم انڈسٹری میں بہترین وقت گزرا۔ یہاں پرشاہ رخ خان، جوہی چاولہ اورآشوتوش گواریکر سمیت بہت سے اچھے لوگ ملے ۔ یہان پرکام کرتے ہوئے بہت کچھ سیکھا اوربہت سی کامیابیاں بھی حاصل کیں۔

اب میں نے فلم انڈسٹری سے ریٹائرمنٹ لے لی اوراب سیروتفریح کرکے زندگی گزارنا چاہتاہوں۔ا نہوں نے بتایاکہ کہ میں نے 1985ء میں اپنے بھائی سعیدمرزا اورہدایتکارکندن شاہ کے ساتھ مل کر پروڈکشن شروع کی۔ جب کہ 1989ء میں پہلی ٹی وی سیریل'' سرکس '' ڈائریکٹ کی جس میں شاہ رخ خان اورموجودہ دورکے معروف ہدایتکار آشوتوش گواریکر کو بطور اداکار متعارف کروایا۔ ڈرامے کا رسپانس بہت اچھا رہا لیکن میں نے فلم انڈسٹری میں آنے کا فیصلہ کیا۔ اس موقع پر فلم ''راجو بن گیا جنٹلمین'' ڈائریکٹ کی۔



اس فلم میں شاہ رخ خان اورجوہی چاولہ نے مرکزی کردار ادا کیے لیکن 1997ء میں فلم ''یس باس'' نے باکس آفس پرزبردست کامیابی حاصل کی۔ ایک طرف توفلم میں جوہی چاولہ اورشاہ رخ کی جوڑی کوبہت پسند کیا گیا تودوسری جانب فلم کے میوزک نے بھی خوب دھوم مچائی۔ اس فلم کے بعد شاہ رخ ، جوہی چاولہ اورمیں نے پارٹنرشپ کے ساتھ '' ڈریمزان لیمیٹڈ'' کے نام سے پروڈکشن ہاؤس بنالیا۔ اس ادارے کے بینرتلے پہلی فلم ''پھربھی دل ہے ہندوستانی'' 2000ء میں بنائی گئی۔ فلم کو اچھا رسپانس نہ مل سکا۔

لیکن اگلی فلم ''چلتے چلتے'' تھی جس میں شاہ رخ اوررانی مکھرجی نے مرکزی کرداراد ا کیے۔ اس فلم کوزبردست کامیابی ملی۔ فلم کی کامیابی ایک طرف تھی لیکن اپنی اہلیہ کے انتقال کا صدمہ کچھ اس قدر شدید تھا کہ میں نے فلم انڈسٹری سے کنارہ کشی اخیتارکرلی۔ 2007ء میں دوبارہ فلم انڈسٹری میں قدم رکھا اورفلم '' قسمت کنکشن'' بنائی۔

اس فلم کے مرکزی کردار شاہدکپوراورودیابالن نے ادا کیے تھے، فلم کو اچھا رسپانس ملا۔ اس فلم کے بعد بھی میں کچھ پراجیکٹس پرکام کرتارہا۔ شاہ رخ کے ذاتی پروڈکشن ہاؤس 'ریڈچلی' کے لیے بھی میں نے اپنی خدمات انجام دیں مگراب میں نے باقاعدہ ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔ اب صرف دنیا کے حسین مقامات کی سیرکرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔ اس سلسلہ میں سب سے پہلے گواہ جارہاہوں اورپھربھارت کے دوسرے مقامات کا رخ کرونگا۔ جہاں تک فلموں میں واپسی کا تعلق ہے توآنیوالا وقت کس موڑ پرلے آئے کسی کوکچھ پتہ نہیں ہوتا۔