جولائی کی ٹیکس وصولیاں گزشتہ سال سے بھی کم رہیں

گزشتہ ماہ 106.7ارب کاریونیوملا،جولائی2011میں112.3 ارب روپے جمع ہوا تھا


Irshad Ansari August 23, 2012
گزشتہ ماہ 106.7ارب کاریونیوملا،جولائی2011میں112.3 ارب روپے جمع ہوا تھا (فوٹو : ایکسپریس)

رواں مالی سال 2012-13 کے پہلے ماہ (جولائی2012)کے دوران ٹیکس وصولیوں میں شارٹ فال 35 ارب روپے سے تجاوز کرگیا ہے اور ٹیکس وصولیاں گزشتہ مالی سال 2011-12 کے اسی عرصہ میں حاصل ہونیوالی ٹیکس وصولیوں سے بھی 5 فیصد کم رہی ہیں جبکہ 2 اگست کو ایف بی آر کے اس وقت کے ممبر ان لینڈ ریونیو شاہد حسین اسد نے صحافیوں کے سامنے جولائی میں 112 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں حاصل کرنے کا دعوٰی کیا تھا جبکہ ''ایکسپریس'' کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے دستیاب اپ ڈیٹڈ (16اگست 2012تک) عبوری اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے ماہ (جولائی) کے دوران فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مجموعی طور پر 106.7ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کیں جو گزشتہ مالی سال2011-12 کے پہلے ماہ(جولائی)کے دوران ہونے والی 112.275 ارب روپے کی وصولیوں کے مقابلہ میں 5فیصد کم ہیں جبکہ جولائی 2012 کیلیے مقرر کردہ142ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کے ہدف کے مقابلے میں35.3 ارب روپے کم ہیں۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی طرف سے گزشتہ ماہ (جولائی 2012)کے دوران حاصل کی جانے والی 106.7ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں میں سے براہ راست ٹیکسوں(انکم ٹیکس)کی مد میں 21.855ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کی گئیں جو گزشتہ مالی سال 2011-12 کے پہلے ماہ(جولائی)کے دوران حاصل ہونے والی 28.966 ارب روپے کی وصولیوں کے مقابلے میں 24.5فیصد کم ہیں جبکہ رواں مالی سال 2012-13کے پہلے ماہ(جولائی)کے دوران ان ڈائریکٹ ٹیکسوں میں سے سیلز ٹیکس کی مد میں 63.623 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کی گئیں جو گزشتہ مالی سال 2011-12 کے پہلے ماہ (جولائی)کے دوران سیلز ٹیکس کی مد میں ہونے والی 61.674 ارب روپے کی وصولیوں کے مقابلے میں صرف 3.2 فیصد زیادہ ہیں۔

دستاویز میں بتایا گیاکہ گزشتہ ماہ کے دوران فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 6.155 ارب روپے کی وصولیاں کی گئی ہیں جو سال 2011-12 کے اسی عرصے میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں حاصل ہونے والی9.668ارب روپے کی وصولیوں کے مقابلے میں 36.3فیصد کم ہیں جبکہ کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں15.06 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کی گئی ہیں جو گزشتہ مالی سال2011-12کے اسی عرصے میں کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں حاصل ہونے والی 11.968ارب روپے کی وصولیوں کے مقابلے میں25.8 فیصد زیادہ ہیں۔