بجلی کی قلت کے خاتمے میں نجی شعبہ اہم کردار ادا کر سکتا ہے وزیراعظم

حکومت توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کریگی،چیئرمین حبکو سے ملاقات کے دوران گفتگو


Numainda Express July 18, 2013
اسلام آباد وزیراعظم نواز شریف سے چیئرمین حبکو حسین دائود ملاقات کررہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ملک میں توانائی کے جاری بحران کے خاتمے کیلیے توانائی کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ اندورونی اور بیرونی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے ۔

ہماری حکومت اس شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والوں سے حوصلہ افزأ ترجیحی سلوک روا رکھے گی۔ بجلی کے موجودہ شارٹ فال کے خاتمے کی حکومتی کوششوں میں نجی شعبہ اہم کردارادا کرسکتا ہے ۔بدھ کو وزیراعظم ہاؤس میں حبکو پاورکمپنی کے چیئرمین حسین داؤد سے گفتگو میں وزیراعظم نے حبکو پاور کے ذیلی ادارے لاریب انرجی لمیٹڈ کی جانب سے منگلا ڈیم کے قریب دریائی پانی پر84 میگاواٹ کے ہائیڈل پاور پروجیکٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ حکومت حبکو سمیت تمام ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر ہرممکن تعاون فراہم کرے گی۔



اس موقع پر حسین داؤد نے وزیراعظم نوازشریف کی قیادت اور ان کی حکومت کی بزنس دوست پالیسیوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ اس لیے ضروری ہے کہ اس سے عام آدمی کی زندگی اور اس کے روز مرہ کے معاملات جڑے ہیں۔ متحدہ عرب امارات اور برطانیہ میں کاروباری سرگرمیوں کے حامل معروف بزنس مین جاوید ملک نے بھی نوازشریف سے ملاقات کی۔ انھوں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور تجارت کے فروغ کیلیے تجاویز بھی پیش کیں۔