ڈی آئی خان؛ امن میلہ چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، 11 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ بھی شروع ہوگئی


ویب ڈیسک September 26, 2026

پشاور:

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں امن میلہ چیک پوسٹ کے قریب  خودکش حملے میں 11 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی میں سوار شخص نے خودکش حملہ کیا۔ پولیس کے مطابق حملے میں کسٹم اہلکاروں ، بچے  اور 2 شہریوں سمیت 10 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوئے۔

دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ بھی شروع ہوگئی۔

ریسکیو 1122 کے مطابق درازندہ امن میلہ کے قریب دھماکے کی اطلاع ملتے ہی درازندہ اسٹیشن کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچی اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد عارف خان کی ہدایت پر ڈیرہ اسماعیل خان سے مزید 4 ایمبولینسز بمعہ عملہ بھی جائے وقوع روانہ کردی گئیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق ابتدائی کارروائی کے دوران 30 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ 11 جاں بحق افراد کی لاشیں بھی جائے وقوع سے منتقل کی گئیں۔

درازندہ امن میلہ چیک پوسٹ حملے پر گورنر خیبرپختونخوا نے اعلیٰ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حملہ فتنہ الہندوستان خوارج کی مذموم سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جائے گی۔