روس میں مسافر طیارہ اغوا کرکے افغانستان لے جانے کی کوشش ناکام

ویب ڈیسک  بدھ 23 جنوری 2019
طیارے کی سائبیریا میں ہنگامی لینڈنگ، ملزم کو گرفتار کرلیا گیا فوٹو:ٖفائل

طیارے کی سائبیریا میں ہنگامی لینڈنگ، ملزم کو گرفتار کرلیا گیا فوٹو:ٖفائل

 ماسکو: روس میں مسافر طیارے کو اغوا کرکے افغانستان لے جانے کی کوشش ناکام ہوگئی اور ایک روسی شہری کو گرفتار کرلیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے برفانی علاقے سائبیریا کے شہر سرگٹ سے دارالحکومت ماسکو جانے والی پرواز ائیرو فلوٹ ایس یو 1515 کو ہائی جیک کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی اور ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔

روسی حکام نے بتایا کہ ایک شخص نے طیارے کے کاک پٹ میں گھسنے کی کوشش کی اور پرواز کا رخ موڑ کر افغانستان لے جانے کا مطالبہ کیا، حملہ آور نے کہا کہ اس کے پاس اسلحہ ہے۔
نازک صورتحال کو بھانپتے ہوئے پائلٹ نے طیارے کو سائبیریا میں ہی ایمرجنسی لینڈنگ کرکے اتار لیا۔

طیارے میں موجود کمانڈوز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے قابو کرلیا۔ تاہم بعدازاں پتہ چلا کہ حملہ آور شراب کے نشے میں تھا، اس نے جھوٹ بولا اور اس کے پاس کوئی اسلحہ بھی نہیں تھا۔ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ باقی مسافروں کو منزل کی طرف روانہ کردیا گیا۔

روسی حکام کے مطابق ملزم کے خلاف فوجداری تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور اس کے خلاف ہائی جیکنگ کے الزام میں مقدمہ درج کیا جاسکتا ہے۔ اس کیس میں اسے 7 سے 12 سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

روس میں مسافر پروازوں میں شراب کے نشے میں دھت مسافروں کی جانب سے ہنگامہ کرنے کے واقعات عام ہیں، تاہم اس طرح ہائی جیکنگ کے انداز میں کسی پرواز کا رخ موڑنے کا مطالبہ کرنا غیر معمولی بات ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔