بھارت میں ولبھ بھائی کے مجسمے کے نزدیک سے 500 مگر مچھوں کی منتقلی

ولبھ بھائی پٹیل دنیا کا طویل ترین مجسمہ ہے اور دریائے نرمدا پر قائم ہے جہاں مگر مچھ کثیر تعداد میں موجود ہیں


ویب ڈیسک January 26, 2019
مجسمے کے نزدیک دریا میں 300 مگر مچھ موجود ہیں۔ فوٹو : فائل

بھارت میں دنیا کے سب سے طویل مجسمے کے نزدیک دریائے نرمدا میں موجود 500 مگرمچھوں کو دوسری جگہ منتقل کیا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کے پہلے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ ولبھ بھائی پٹیل کے دنیا کے طویل ترین مجسمے کو دیکھنے کے لیے آنے والے سیاحوں کی حفاظت کے لیے نزدیکی ذخیرہ آب میں موجود مگر مچھوں کو گجرات کے دوسرے مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

محکمہ جنگلات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مگرمچھوں کی منتقلی وفاقی حکومت کی ہدایت پر کی جارہی ہے اور اب تک درجن بھر مگرمچھوں کو دوسرے مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے کیوں کہ یہاں کم سے کم 9 فٹ لمبے 300 مگر مچھ موجود ہیں جو سیاحوں کے لیے خطرے کا باعث ہوسکتے ہیں بقیہ مگرمچھ علیحدہ ہیں۔

دوسری جانب جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے مگر مچھوں کی منتقلی کے عمل کو غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے اعتراض اٹھایا ہے کہ دریائے نرمدا میں 500 کے لگ بھگ مگر مچھ موجود ہیں جنہیں نہایت مخدوش حالت میں منتقل کیا جا رہا ہے۔



واضح رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں وزیراعظم نریندرا مودی نے آنجہانی ولبھ بھائی پٹیل کے 182 میٹر طویل مجسمے کا افتتاح کیا تھا جس کی تعمیر میں 430 ملین ڈالر کی لاگت آئی تھی۔ یہ مجسمہ احمد آباد میں دریائے نرمدا پر قائم کیا گیا تھا۔