سپرنٹنڈنٹ جیل نے نکاح کرکے آنے والی بیٹی کی قیدی والد سے ملاقات کرادی

ہم نے دونوں میاں بیوی کو اپنے کمرے میں بلا کر والد سے ملاقات کروادی، جیلرسینٹرل جیل


ویب ڈیسک January 26, 2019
ملزم شاہد ڈیڑھ سال سے قتل کے جرم میں سزا کاٹ رہا ہے (فوٹو: فائل)

سینٹرل جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے انسانی ہمدردی کے تحت قتل کے مجرم کی نکاح کرکے آنے والی بیٹی سے ملاقات کرادی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سپرنٹنڈنٹ جیل نے قتل کے قیدی شاہد کی خواہش پوری کردی، جیلر کا کہنا ہے کہ آج جب قیدی کی بیٹی نکاح کرکے شوہر کے ہمراہ جیل میں قید والد سے دعا لینے کے لیے آئی تو سلاخوں کے دو طرف ہونے والی ملاقات کے دوران جیل عملے کو پتا چلا کہ لڑکی کا آج ہی نکاح ہوا ہے۔

مزید معلومات کے بعد پتا چلا کہ لڑکی کی آج سالگرہ بھی ہے جس پر سپرنٹنڈنٹ جیل نے والد اور بیٹی کو اپنے دفتر میں بلا کر ان کی ملاقات کروائی اور سالگرہ کا کیک بھی منگوایا۔ سپرنٹنڈنٹ اور دیگر عملے نے سالگرہ کا کیک کاٹا جب کہ دلہا دلہن کو سندھ کی روایت اجرک بھی پہنائی گئی۔

جیلر نے بتایا کہ لڑکی کا والد شاہد قتل کے جرم میں ڈیڑھ سال سے سزا کاٹ رہا ہے۔