ونٹر گیمز 38 انٹرنیشنل اسکیئرز کی پاکستان آمد

نلتر ریزورٹ پر چیف آف دی ائیر اسٹاف قراقرام الپائن اسکی کپ میں حصہ لیں گے


Sports Reporter January 27, 2019
نلتر ریزورٹ پر چیف آف دی ائیر اسٹاف قراقرام الپائن اسکی کپ میں حصہ لیں گے۔ فوٹو: فائل

دنیا بھر سے 38 اسکیئرز انٹرنیشنل اسکی ریسز میں شرکت کرنے کیلیے پاکستان آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔

یہ پاکستان کے لیے ایک قابلِ فخر بات ہے کہ 12 ممالک بشمول یونان، افغانستان، ترکی،یوکرائن، ہانگ کانگ، برطانیہ ، بوسنیا ہرزیگووینا ، بیلجئیم ، مراکش ،کرغستان، آذربائیجان اور تاجکستان سے بہترین اسکیئرز نلترکے پرفضا اسکی ریزورٹ پر ہونے والی چیف آف دی ائیر اسٹاف انٹرنیشنل قراقرام الپائن اسکی کپ کی سلالم اور جائنٹ سلالم کیٹیگریز میں حصہ لیں گے۔

ان مقابلوں میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کے علاوہ پاکستان کے بہترین اسکئیرز بھی شرکت کریں گے جس سے انھیں بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور اپنے مدِ مقابل کھلاڑیوں کے تجربے سے سیکھنے کا موقع ملے گا، سرمائی کھیلوں کا آغاز پی اے ایف ا سکی ریزورٹ نلتر میں سعدیہ خا ن اسکی کپ اور انٹرورسٹی چیمپئن شپس کے ساتھ ہو چکا ہے۔

اس بار ملک میں پہلی دفعہ سنوبورڈنگ، آئس اسکیٹنگ اورآئس ہاکی کے مقابلے بھی منعقد کیے گئے ہیں، ونٹر اسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان پاک فضائیہ کے تعاون سے ملک میں سرمائی کھیلوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہے اور ان مقابلوں کے انعقاد سے نہ صرف پاکستان کے خوبصورت شمالی علاقہ جات میں سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت پہلو اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

 

مقبول خبریں