رشی کپور نے کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق کردی

سرطان کا علاج طویل اور پیچیدہ ہے جس کیلیے صبر درکار ہے اور بد قسمتی سے مجھ میں صبر کی کمی ہے، رشی کپور


ویب ڈیسک January 27, 2019
اس بیماری کے علاج کا طریقہ کار بہت طویل اور پیچیدہ ہے، رشی کپور (فوٹو: فائل)

کینسر میں مبتلا ہونے والے بالی ووڈ اداکار رشی کپور نے کہا ہے کہ اس مرض کا علاج بہت طویل ہے جس کے لیے صبر درکار ہے لیکن مجھ سے صبر نہیں ہورہا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رشی کپور نے پہلی بار بیماری سے متعلق لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ 'اس وقت میری بیماری کا باقاعدہ علاج جاری ہے جس کا طریقہ کار بہت طویل اور پیچیدہ ہے جس کے لیے بہت صبر درکار ہے اور بد قسمتی سے مجھ میں صبر کی کمی ہے۔

رشی کپور نے مزید کہا کہ 'مجھے پوری اُمید ہے کہ میں بہت جلد ٹھیک ہو جاؤں گا اور اگر خدا نے چاہا تو میں بہت جلد بھارت واپس آجاؤں گا'۔

واضح رہے کہ رشی کپور نے چند ماہ قبل ٹوئٹر پر اطلاع دیتے ہوئے کہا تھا کہ ''وہ علاج کی غرض سے کچھ دنوں کے لیے امریکا جا رہے ہیں تاہم اُن کے بیان کے بعد یہ خبریں بھی سامنے آئیں کہ وہ کینسر جیسی بیماری میں مبتلا ہیں جس کے علاج کے لیے وہ امریکا گئے ہوئے ہیں۔

یہ پڑھیں: رشی کپور کو کینسر ہونے کی خبروں پر بھائی نے خاموشی توڑدی

رشی کپور کے بیان کے بعد اُن کی اہلیہ نیتو سنگھ نے بھی شوہرکے سرطان میں مبتلا ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ امید کرتی ہوں کہ مستقبل میں کینسر ایک آسمانی برج (برج سرطان) ہی رہ جائے گا۔