امریکا میں پولیس مقابلے میں 2 ملزمان ہلاک اور 5 اہلکار زخمی

پولیس مقابلہ منشیات فروشوں کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران ہوا


ویب ڈیسک January 29, 2019
پولیس مقابلہ منشیات فروشوں کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران ہوا۔ فوٹو : اے ایف پی

امریکی ریاست ہوسٹن میں منشیات فروشوں کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران پولیس مقابلے میں 2 ملزمان ہلاک ہوگئے جب کہ 5 اہلکار زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ہوسٹن کے رہائشی علاقے میں منشیات فروشوں کی موجودگی کی اطلاع پر انسداد منشیات اور پولیس کے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران جرائم پیشہ افراد نے پولیس پر فائرنگ کردی۔

پولیس کی جوابی کارروائی میں 2 ملزمان ہلاک ہوگئے جب کہ اس دوران انسداد منشیات فورس کے 4 خفیہ اہلکار اور ایک پولیس آفیسر زخمی ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس کو ملزمان کے مکان نے اسلحہ اور بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی ہے جب کہ منشیات فروش گروہ سے متعلق اہم معلومات بھی حاصل ہوئی ہیں۔

ہوسٹن پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کارروائی منشیات فروشوں کے ایک گروہ کے تعاقب کے دوران کی گئی، یہ خطرناک گروہ ہیروئن، کوکین اور دیگر منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث تھا۔

پولیس کی جانب سے سیکیورٹی وجوہات کے باعث ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے، منشیات فروشوں کے خلاف خفیہ آپریشن تاحال جای ہے۔