برطانیہ میں 3 دن تک لفٹ میں پھنسی رہنے والی خاتون کو نکال لیا گیا

جمعہ کو تعطیلات پر جانے کے بعد جب اہل خانہ اتوار کی رات واپس آئے تو خاتون کو لفٹ میں پھنسا پایا


ویب ڈیسک January 29, 2019
جمعہ کو تعطیلات پر جانے کے بعد جب اہل خانہ اتوار کی رات واپس آئے تو خاتون کو لفٹ میں پھنسا پایا۔ فوٹو : فائل

برطانیہ میں اپنے باس کے گھر کی لفٹ میں 3 دن تک پھنسی رہنے والی خاتون کو بیہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں 53 سالہ خاتون اپنے ارب پتی باس کے گھر کسی کام سے گئی تاہم جب وہ دوسری اور تیسری منزل کے درمیان لفٹ میں موجود تھی تو اہل خانہ لفٹ بند اور گھر کو تالا لگا کر ہفتہ وار تعطیلات منانے چلے گئے۔

جمعہ کو تعطیلات پر جانے کے بعد جب اہل خانہ اتوار کی رات واپس آئے تو خاتون کو لفٹ میں پھنسا پایا جس کے بعد فائر بریگیڈ کے عملے کو بلایا گیا اور عملے کے ارکان نے آدھے گھنٹے کی کوشش کے بعد خاتون کو نیم بے ہوشی کی حالت میں نکال لیا۔ خاتون کو اسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ خوراک اور پانی کی کمی کے باعث خاتون کی حالت خراب ہے۔