فلسطینی وزیراعظم رمی حمد اللہ کابینہ سمیت مستعفی

وزیر اعظم رمی حمد اللہ اور ان کی کابینہ کے ارکان نے اپنے استعفے صدر محمود عباس کو پیش کردیے


ویب ڈیسک January 29, 2019
نئی حکومت کی تشکیل تک اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے، ترجمان قومی اتحاد (فوٹو: فائل)

فلسطین کے وزیر اعظم رمی حمداللہ اور ان کی پوری کابینہ نے اپنا استعفیٰ صدر محمود عباس کو پیش کردیا۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی وزیر اعظم رمی حمد اللہ اپنی کابینہ سمیت مستعفیٰ ہوگئے اور انہوں نے اپنے استعفے صدر محمود عباس کو پیش کردیے۔

رمی حمداللہ کی جماعت قومی اتحاد کی جانب سے جاری کردہ بیان میں وزیراعظم اور کابینہ کے مستعفیٰ ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ نئی حکومت کی تشکیل تک اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔

یہ پڑھیں: رامی حمداللہ کے قافلے پر بم حملہ

دوسری جانب صدر محمود عباس نے رمی حمداللہ کی حکومت کے مستعفی ہونے پر تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا تاہم مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ دو روز قبل محمود عباس کی جماعت فتح نے اپنے اجلاس میں یہ سفارش کی تھی کہ حکومت کو تبدیل کیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ رمی حمد اللہ ایک ممتاز ماہر تعلیم ہیں اور ان کی قیادت میں 2014ء میں قومی اتحاد کی حکومت تشکیل پائی تھی۔