بجلی بحران سے نمٹنے کیلیے فوری اقدام کرنا ہونگے ڈاکٹر عبدالقدیر

سرقہ نویسی کے دورمیں مصدقہ کتابوں کی اشاعت قابل تعریف ہے،رونمائی سے خطاب۔


Staff Reporter July 22, 2013
ڈاکٹر صاحب نے ملک کوجوہری طاقت بناکرملک وقوم پراحسان کیا،ڈاکٹر ظفراقبال۔ فوٹو: فائل

معروف جوہری سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہاہے کہ موجودہ دورمیں تحقیقی مقالہ جات کی سرقہ نویسی میں اضافہ ہواہے، ایسی صورتحال میںمصدقہ تحقیقی کتابیں تصنیف وشائع کراناقابل تعریف ہے۔

ان خیالات کااظہارانھوںنے وفاقی جامعہ اردومیں ماہرنباتیات ڈاکٹرمعین احمدکی تحریرکردہ 3کتابوں کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کاکہنا تھاکہ ملک کواس وقت بجلی، گیس کے بحران اورامن وامان جیسے سنگین مسائل کاسامنا ہے جوحکومت وقت کے لیے چیلنج کی حیثیت رکھتے ہیں۔ حکومت کوان کے جلدازجلد حل کے لیے فوری اورموثراقدام کرناہوں گے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہاکہ اردومیں انگریزی زبان کے الفاظ کی کثرت اورتیزی سے ملاوٹ ہونے سے اس کی اصل شکل متاثرہونے کاخدشہ ہے۔



جامعہ اردوکے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ظفراقبال نے اس موقع پر کہاکہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی علمی وسائنسی حیثیت اتنی بلندہے کہ اس پر اظہارخیال ایک مشکل عمل معلوم ہوتا ہے۔ انھوںنے ملک کوجوہری طاقت بناکرملک وقوم پرجو احسان کیاہے اس پرہمیں ان کا شکرگزار ہوناچاہیے۔ تعلیم کے شعبے میںبھی انھوںنے بیش بہاخدمات سرانجام دی ہیں۔ پروفیسرخیال آفاقی، پروفیسر انورتنویر، پروفیسر اظہارحیدری نے ڈاکٹرمعین کی تحریرکردہ کتابوں رخش خیال، ہم وہ نہیں اور ڈاکٹرشاہد شوکت کے ساتھ مل کرتحریر کی گئی کتاب A Text Book on Vegetation Ecologyپرتبصرہ کیااور انھیںمفید ادبی وتحقیقی کتابیں قراردیا۔ ڈاکٹرمعین احمد نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان اوردیگر مہمانوںکا شکریہ اداکیا۔

مقبول خبریں