وینزویلا میں صدارتی عہدے پر تنازع اپوزیشن لیڈر پر ملک سے باہر جانے پر پابندی

صدر مادورو کو فوج اور عدلیہ کی حمایت اور اپوزیشن لیڈر کو امریکا کی حمایت حاصل ہے


ویب ڈیسک January 30, 2019
وینزویلا میں صدارتی عہدے کے لیے تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔ فوٹو : فائل

وینزویلا کے اپوزیشن لیڈر گوائیدو پر خود ساختہ طور پر عارضی صدر بننے کے دعویٰ کے بعد ملک سے باہر جانے پر پابندی عائد کردی گئی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق وینزویلا کے صدر کے خلاف امریکا کی حمایت سے بغاوت کر کے عبوری صدر بننے کا دعویٰ کرنے والے اپوزیشن لیڈر ہوآن گوآئیڈو پر سپریم کورٹ نے ملک سے باہر جانے پر پابندی عائد کردی ہے۔

سرکاری وکیل استغاثہ طارق ولیم صعب نے حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست پر اعلیٰ عدلیہ نے گوآئیڈو پر نا صرف ملک سے باہر جانے پر پابندی کردی ہے بلکہ اُن کے بینک اکاؤنٹس اور اثاثے بھی منجمد کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

سپریم کورٹ اور سرکاری وکیل استغاثہ کو صدر نکولاس مادورو کا حامی قرار دیا جاتا ہے۔ ہوآن گوآئیڈو کی جانب سے خود کو صدر قرار دینے کے بعد سے وینزویلا کا بحران شدید تر ہو چکا ہے۔

وینزویلا میں سیاسی بحران کا آغاز اپوزیشن لیڈر ہوآن گوائیڈو کی جانب سے ایک ہفتے قبل نگراں صدر بننے کے دعویٰ سے ہوا تھا۔ امریکا نے فوری طور پر خود ساختہ صدر کی حمایت کا اعلان کیا جس پر صدر مادورو نے امریکا سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا۔