اسٹاک مارکیٹ میں تیزی انڈیکس 2 ماہ 8 دن کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

کاروباری سرگرمیوں کادائرہ کار353کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا۔


Staff Reporter February 02, 2019
کاروباری سرگرمیوں کادائرہ کار353کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: وفاقی حکومت کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے سرمایہ کاری بانڈزکے اجرا اور خام تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے جیسےعوامل کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعے کو بھی تیزی کا رجحان غالب رہا انڈیکس کی 41100 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی اور انڈیکس 2ماہ 8 دن کی بلندترین سطح پر پہنچ گیا۔

تیزی کے سبب 63 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 46 ارب 3 کروڑ 60 لاکھ 46 ہزار 144روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ نئی مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں 25بیسس پوائنٹس کا اضافہ آئی ایم ایف کی شرائط کو پوراکرنے کیلیے کیا گیا ہے اور اس معمولی نوعیت کے اضافے پر سرمایہ کاروں کی جانب سے کوئی منفی ردعمل کا اظہاربھی نہیں کیا گیا۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کیلیے سرمایہ کاری بانڈز کے اجرا اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔ کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 4.42 فیصد زائد رہا اور مجموعی طورپر 22کروڑ89 لاکھ 20ہزار 690حصص کے سودے ہوئے۔ کاروباری سرگرمیوں کادائرہ کار353کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا۔