صومالیہ میں کار بم دھماکے میں 11 افراد ہلاک

تاحال کسی شدت پسند جماعت نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم الشباب کے ملوث ہونے کا قوی امکان ہے، پولیس


ویب ڈیسک February 04, 2019
شاپنگ مال کی عمارت کے ملبے تلے کئی افراد دب گئے (فوٹو : فائل)

KARACHI: صومالیہ میں کار بم دھماکے میں 11 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق صومالیہ کے ایک شاپنگ مال پر خود کش کار بم دھماکے میں 11 شہری ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے، ہلاک و زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

کار بم دھماکے میں شاپنگ مال کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا جب کہ عمارت کے ملبے تلے دب جانے کے باعث بھی شہری ہلاک اور زخمی ہوئےجس کے بعد ملبے کو ہٹانے کا کام جاری ہے۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 11 لاشیں لائی گئی ہیں جب کہ 10 سے زائد زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جن میں سے 4 کی حالت نازک ہے، شہریوں سے خون کا عطیہ دینے کی اپیل کی گئی ہے۔

پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکا مصروف علاقے میں کیا گیا، کئی افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، تاحال کسی شدت پسند جماعت نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم الشباب کے ملوث ہونے کا قوی امکان ہے۔