نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 6 فروری 2019
نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے اور نام ای سی ایل سے نکالا جائے، قرارداد فوٹو:فائل

نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے اور نام ای سی ایل سے نکالا جائے، قرارداد فوٹو:فائل

 لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئی۔

مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ تین مرتبہ وزیراعظم منتخب ہونے والے میاں نواز شریف عارضہ قلب میں مبتلا ہیں ، سروسز اسپتال لاہور میں عارضہ قلب کا اسپیشل وارڈ اور خصوصی پروفیسرز موجود نہیں، جب کہ حکومت میاں نواز شریف کو استحقاق کے مطابق طبی سہولیات دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔

قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد و سپریم لیڈر میاں نواز شریف کو بیرون ملک علاج کیلئے جانے کی اجازت دی جائے کیونکہ ان کی صحت کے متعلق تمام ریکارڈ وہاں موجود ہے، وہاں ڈاکٹرز ان کو بیماری کی تاریخ سے متعلق اچھی طرح آگاہ ہیں۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنا حکومت اچھے قدم اٹھائے اور نواز شریف کا نام فوری ای سی ایل سے نکالے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔