گھریلو تنازع پر ایک ہی خاندان کے 2 افراد قتل 2 خواتین شدید زخمی

زخمی عائشہ نے 2 ماہ قبل زاہد سے خلع لی تھی، خاتون کی حالت تشویشناک


Nama Nigar July 24, 2013
زاہد خاصخیلی شہداد پور کا رہائشی ہے جس سے مسماۃ عائشہ نے 2ماہ قبل فیملی کورٹ سانگھڑ کے ذریعے خلع حاصل کی تھی۔ فوٹو: فائل

گھریلو تنازع پر ایک ہی خاندان کے 2 افراد کالرزہ خیز قتل، 2 خواتین شدید زخمی۔

تفصیلات کے مطابق سنجھورو وارڈ نمبر 2 میں گھریلو جھگڑے پر زاہد خاصخیلی نے اپنے سابق سسر غلام محمد خاصخیلی عرف یتیم اور سابق سالے اقبال خاصخیلی کے 13 سالہ بیٹے سکندر کو خنجر کے وار کر کے قتل جبکہ سابقہ ساس حوا اور مطلقہ بیوی عائشہ کو شدید زخمی کر دیا، واقعہ علی الصباح 7 بجے پیش آیا۔ زخمیوں کو سول اسپتال سانگھڑ منتقل کیا گیا جہاں پر عائشہ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے، دونوں لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئیں، زاہد خاصخیلی شہداد پور کا رہائشی ہے جس سے مسماۃ عائشہ نے 2ماہ قبل فیملی کورٹ سانگھڑ کے ذریعے خلع حاصل کی تھی۔



اہل محلہ نے ملزم کو پکڑ کر آلہ قتل سمیت پولیس کے حوالے کر دیا، زاہد خاصخیلی کی مسماۃ عائشہ سے 2 ماہ کی ایک بیٹی ہے۔ زاہد نے میڈیا کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہداد پور سے گزشتہ شام خنجر لے کر آیا تھا اور اس نے رات سنجھورو ریلوے لائن کے قریب گزاری، ملزم کے مطابق اس کی 2 ماہ کی ایک بیٹی ہے ۔

جس سے اس کے سسرال والے ملنے نہیں دے رہے تھے اور مسلسل 4 ماہ سے مختلف جھوٹے کیسوں میں ملوث کرکے پریشان کرکھا تھا اس نے برادری معززین کے ذریعے مسائل حل کرنے کی کوشش کی، ناکامی پر انتہائی اقدام اٹھایا ہے، ملزم نے پولیس اسٹیشن میں خودکشی کی کوشش بھی کی جو کامیاب نہیں ہوسکی۔

مقبول خبریں