ورلڈ ٹی 20 گیل اوراجنتھامینڈس ایکشن میں نظرآئینگے

آئی سی سی ایونٹ کیلیے سری لنکا اور ویسٹ انڈین کے حتمی اسکواڈز کا اعلان


Sports Desk August 24, 2012
آئی سی سی ایونٹ کیلیے سری لنکا اور ویسٹ انڈین کے حتمی اسکواڈز کا اعلان ۔ فوٹو: اے ایف پی

سری لنکا میں 18ستمبر سے 7 اکتوبر تک شیڈول آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 کیلیے سری لنکا اور ویسٹ انڈیز نے بھی حتمی 15رکنی اسکواڈز کا اعلان کردیا، شائقین کرکٹ اسٹار بیٹسمین کرس گیل اور اسپنر اجنتھامینڈس کو ایکشن میں دیکھ سکیں گے۔

سری لنکن ٹیم وارم اپ میچ میں 13ستمبر کو ویسٹ انڈیز کا سامنا کرے گی جبکہ ایونٹ میں ان کا پہلا مقابلہ زمبابوے سے 18ستمبر کو ہی ہوگا، سری لنکن ٹیم میں اجنتھامینڈس کی واپسی ہورہی ہے، اجنتھا نے سری لنکا میں جاری پریمیئر لیگ میں اب تک شاندار کارکردگی پیش کی ہے، وہ اب تک چار میچز میں 9وکٹیں اپنے نام کرچکے ہیں۔

جبکہ دو نئے پلیئرز بیٹسمین دلشان موناویرا اور آف اسپنر اکیلا دننجیا بھی پہلی مرتبہ سری لنکا کی نمائندگی کریں گے، بھارت کیخلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں انگلی ٹوٹ جانے پر تجربہ کار سنگاکارا کی پلیئنگ الیون میں شمولیت ان کے بروقت فٹ ہوجانے سے مشروط ہے، منتخب پلیئرز میں کپتان مہیلا جے وردنے کے علاوہ کمار سنگاکارا، تلکارتنے دلشان، لاہیرو تھریمانے، جیوان مینڈس، دلشان موناویرا، تیشارا پریرا، لسیتھ مالنگا، نووان کولاسیکرا، رنگانا ہیراتھ، اجنتھا مینڈس، دنیش چندیمل، شمندا ایرنگا اور اکیلا دننجیاشامل ہیں۔

میگا ایونٹ میں ویسٹ انڈیز اپنے سفر کی شروعات 22 ستمبر کو آسٹریلیا کیخلاف میچ سے کرے گی، ایونٹ میں انگلش ٹیم اعزاز کا دفاع کرے گی۔ منتخب پلیئرز میں کپتان ڈیرن سیمی، ڈیوائن براوو، سموئل بدری، جوہانسن چارلس، فیڈل ایڈورڈز، کرس گیل، کیرون پولارڈ، سنیل نارائن، دنیش رامدین، روی رامپال، مارلن سموئلز، لینڈل سیمنز، ڈیرن براوو، آندرے رسل اور ڈیوائن اسمتھ موجود ہیں۔