چیف فنانشل آفیسر اومنی گروپ اسلم مسعود سعودی عرب سے گرفتار

صالح مغل  ہفتہ 9 فروری 2019
انٹرپول کے زیر حراست ملزم کو جمعے کی شب سعودی عرب سے پاکستان منتقل کیا گیا۔ فوٹو: فائل

انٹرپول کے زیر حراست ملزم کو جمعے کی شب سعودی عرب سے پاکستان منتقل کیا گیا۔ فوٹو: فائل

راولپنڈی: جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ اسکینڈل میں ایف ائی اے کو مطلوب اومنی گروپ کے چیف فنانشل آفیسر اسلم مسعود کو انڑپول کی مدد سے تحویل میں لیے جانے کے بعد جمعہ کی شب سعودی عرب سے پاکستان منتقل کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلم مسعود کو جمعہ کی شب سعودی عرب سے آنے والی پرواز نمبر ایس وی 722 کے ذریعے سخت سیکیورٹی میں نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ منتقل کیاگیا جہاں سے ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکڑ ملک طارق کی سربراہی میں 4رکنی ٹیم مزکورہ کو لیکر اسلام آباد روانہ ہوگئے، اسلم مسعود کی گرفتاری کے بعد پاکستان منتقلی کیس کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دی جارہی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق اسلم مسعود سابق صدر آصف زرداری کے اکاؤنٹنٹ بھی رہ چکے ہیں جبکہ ان پر 107جعلی بینک اکانٹس سے 54 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔

اسلم مسعود کے دو مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوچکے تھے کہ انکشاف ہوا کہ اسلم مسعود جنوری 2018 میں بیرون ملک رپوش ہو چکا ہے جس کے بعد ایف آئی اے ملزم کی گرفتاری کیلیے ریڈ نوٹس جاری کرکے انٹرپول سے رجوع کیا اور اکتوبر میں انٹرپول نے اسلم مسعود کو اس وقت تحویل میں لے لیا تھا جب وہ لندن سے سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچا تھا جس کے بعد پاکستانی اتھارٹیز نے مذکورہ کی وطن واپسی کیلیے اقدامات اٹھائے اور ایف آئی اے کی ٹیم کو بھی ملزم کی حوالگی کیلیے بجھوایا گیا۔

واضح رہے کہ اسلم مسعود کیخلاف منی لانڈرنگ کے مقصد کیلیے مختلف لوگوں کے شناختی کارڈ استعمال کرکے جعلی بینک اکاونٹس کھولنے اور دیگر الزامات کے تحت ایف ائی اے کراچی میں مقدمہ نمبر 4/2018 درج ہے اس مقدمے میں کچھ لوگ گرفتار تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔