ارشاد رانجھانی قتل کیس میں یوسی چیئرمین رحیم شاہ گرفتار

ویب ڈیسک  پير 11 فروری 2019

 کراچی: پولیس نے ارشاد رانجھانی قتل کیس میں یوسی چیئرمین رحیم شاہ کو گرفتار کرلیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا تھا کہ یوسی چیئرمین رحیم شاہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے، واقعہ اسنیچنگ کا ہے، تحقیقاتی کمیٹی نے تمام شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا، رحیم شاہ نے ارشاد رانجھانی کو اسپتال منتقل کرنے سے روکا جس پر اسے گرفتار کیا گیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ سندھ نے شہری کی فائرنگ سے ارشاد رانجھانی کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا

ڈی آئی جی ایسٹ نے کہا کہ رحیم شاہ کو پہلے سے درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے، اگر فیملی نے دوسری یف آئی آر مانگی تو دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا حکم ہے کہ ایک واقعے کا ایک ہی مقدمہ ہو، اہل خانہ کے کہنے پر دوسرا مقدمہ کر دیں تاہم فیصلہ عدالت کرے گی۔

ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا تھا کہ رحیم شاہ پر الزام ہے کہ اس نے زخمی ارشاد کو اسپتال منتقل نہیں ہونا دیا، مختلف عینی شاہدین کے بیانات لیے گئے ہیں، ایمبولینس ڈرائیور کا بھی بیان لیا گیا ہے جب کہ موقع پر پہنچنے والے ڈیوٹی آفسر نے بھی کچھ تاخیر کی، تمام شاہدین کے بیانات عدالت میں پیش کردیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔