کراچی ٹارگٹ کلنگ جاری متحدہ کے کارکن سمیت مزید10افراد ہلاک

تبت سینٹر پرپنکچرکی دکان کامالک،کٹی پہاڑی پرعامل،اورنگی میں30 سالہ مجاہد علی ماراگیا


Staff Reporter July 27, 2013
بہارکالونی میں خاتون جبکہ چوہرچورنگی ،لانڈھی اورپرانی سبزی منڈی پر3افرادقتل،ناردرن بائی پاس،منگھوپیراورجوہرسے 3لاشیں ملیں،10زخمی ۔ فوٹو: فائل

KARACHI: کراچی میں ٹارگٹ کلنگ بدستورجاری ہے،فائرنگ کے مختلف واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت مزید 10 افرادہلاک اورخاتون سمیت10 زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی روڈکالاپل سگنل پرنامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے35سالہ غلام رسول ہلاک ہو گیا، مقتول کی لاش جناح اسپتال پہنچائی گئی ،مقتول مکان نمبر 38 گلی نمبر2لاسی محلہ چنیسرگوٹھ کارہائشی تھا، مقتول کچھ عرصہ قبل تک سنی تحریک کا علاقائی عہدیدارتھا جبکہ3ماہ قبل متحدہ قومی موومنٹ کے مضافاتی کمیٹی میں شمولیت اختیارکرلی تھی،واقع کے وقت غلام رسول کالا پل پر واقع نورانی مسجد سے جمعے کی نماز کی ادائیگی کے بعداپنی موٹر سائیکل نمبرKSK-9834پر گھر جا رہا تھا کہ جیسے ہی وہ مین چوک پر پہنچا تو گھات لگائے بیٹھے موٹر سائیکل پر سوار2 ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں غلام رسول کو8گولیاں لگیں اورموقع پرہی ہلاک ہوگیا۔ایم اے جناح روڈ تبت سینٹرکے قریب چائناسینٹرکے سامنے نامعلوم کارسوار ملزمان نے پنکچرکی دکان کے مالک30 سالہ جاویدکو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اورفرار ہو گئے،مقتول کی لاش سول اسپتال پہنچائی گئی، وہ گارڈن کا رہائشی تھا۔کٹی پہاڑی پراچہ قبرستان غوثیہ مسجدکے قریب مٹکے والے بابا کے آستانے پرموٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 75 سالہ عامل رفعت اﷲ عرف مٹکے والے بابا ہلاک ہو گیا،مقتول منگھو پیر سلطان آباد کا رہائشی تھا۔

اورنگی ٹاؤن کے علاقے قذافی چوک پیر بازارکے قریب 30 سالہ مجاہد علی کونامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا،مقتول اورنگی ٹاؤن نمبر5 کا رہائشی اوراسے جسم پر 4 گولیاں لگی تھیں۔جوہر چورنگی غوثیہ بیکری سامنے موٹرسائیکل پر سوارملزمان نے زاہد حسین کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر محمد جمیل زخمی ہوگیا،مقتول جائیداد کی خرید و فروخت کا کام کرتا تھا جبکہ وہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ اسے فائرنگ کا نشانہ بنایاگیا۔پی آئی بی کے علاقے پرانی سبزی منڈی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے29 سالہ طاہرہلاک ہوگیا۔بہارکالونی الفلاح روڈحنیف منزل کے قریب فائرنگ سے45 سالہ زبیدہ زوجہ احمد کچھی ہلاک اور اس کی بیٹی 22 سالہ ثنیعہ ، 25 سالہ محمد یوسف کچھی ، 20سالہ احمد خان اور19سالہ حنیف بلوچ زخمی ہو گئے ، ہلاک ہونے والی خاتون اس کی زخمی بیٹی اوریوسف کو عباسی شہید اسپتال جبکہ دیگر2زخمیوں کوسول اسپتال پہنچایا گیا۔عینی شاہدین کے مطابق لیاری گینگ وار کے ملزمان 2 کچھی رکشاڈرائیوروں کو اغوا کر کے لے جا رہے تھے کہ وہاں افطاری کی خریداری کے لیے اپنی بیٹی کے ہمراہ آنے والی خاتون نے انھیں روکنے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے اس کے سر پرگولی مار دی ۔



جس کے نتیجے میں خاتون اور اس کی بیٹی زخمی ہو گئی ، فائرنگ کی آواز سن کر شہری جمع ہوگئے اور انھوں نے فرار ہونے والے ملزمان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گینگ وارکے2 ملزمان زخمی ہو گئے ، شہریوں نے وہاں موجودموٹر سائیکل سوار پولیس اہلکاروں کو ملزمان کو گرفتار کرنے کو کہا جس پر انہوں نے کہا کہ ہمیں گینگ وار کے ملزمان کے خلاف کارروائی کی اجازت نہیں، جس پر شہری مشتعل ہو گئے اور پولیس اہلکاروں کی موٹرسائیکل کو آگ لگادی ،پولیس اہلکار موقع سے فرار ہوگئے ، ہلاک ہونے والی خاتون بہار کالونی الفلاح روڈ گلی نمبر 3 کی رہائشی تھی۔گلشن معمارکے علاقے ناردرن بائی پاس افغان کیمپ پولیس چوکی کے قریب سے22 سالہ نوجوان کی لاش ملی ، مقتول شناخت نہیں ہوسکی۔منگھوپیرکے علاقے نیاناظم آباد جامع مسجد ابراہیم چونا گراؤنڈ کے قریب کچرا کنڈی سے 35سالہ شخص کی لاش ملی ،لاش20 سے 25 روز پرانی ہے ،مقتول کو نامعلوم ملزمان نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فائرنگ کر کے ہلاک کیا تھا،لاش کی شناخت نہیں ہوسکی۔گلستان جوہر بلاک13فراز ویو اپارٹمنٹ کے سامنے بوری بند لاش ملی ،مقتول کے پاس سے ملنے والے شناختی کارڈ سے اس کی شناخت 25سالہ فیضان طارق کے نام سے کر لی گئی ۔

مقتول کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کر کے ہاتھ پاؤں باندھ کرتشدد کا نشانہ بنایااورفائرنگ کر کے ہلاک کر دیا،مقتول کے پاس سے ایک خط ملاجس پر لکھا تھا کہ رابعہ سٹی متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنوں کیلیے منجانب اے این پی کاتحفہ ،مقتول کے شناختی کارڈ پر اس کا ایڈرس انڈس مہران سوسائٹی کھوکھرا پار مکان نمبرB,6/239کا رہائشی تھا، ناظم آباد چاؤلہ مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے جبران،عیسیٰ لیبارٹری کے قریب کامران ، موچکو کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میںالیاس زخمی ہوگیا۔ ٹیپو سلطان کے علاقے محمود آبادچنیسئر گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے27 سالہ عمران اور اس کا بھائی22سالہ عرفان زخمی ہو گیاجسے طبی امداد کیلیے جناح اسپتال پہنچایا،منگھو پیر روڈ پر 30سالہ ذوہیب ولد سلیم زخمی ہو گیا۔ لانڈھی مانسہرہ کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔