جعلی پرائس لسٹیں چھاپ کر شہر بھر میں فروخت کیے جانے کا انکشاف

کمشنر کراچی کی زیر نگرانی کریم آباد میں پرنٹنگ پریس پر چھاپہ، جعلی لسٹیں اور مہریں برآمد، پریس کے مالک کو گرفتار۔۔۔


Staff Reporter July 31, 2013
9834 گراں فروشوں کے چالان ہوئے، 195جیل گئے، سبزی ومرغی کی جعلی لسٹیں پکڑی گئیں، کمشنر شعیب احمد صدیقی فوٹو: فائل

شہر میں خوردنی اشیا کی جعلی پرائس لسٹیں چھاپ کر فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

پولٹری ایسوسی ایشن بھی من مانی پرائس لسٹ جاری کررہی ہے جبکہ پھلوں اور سبزیوں کی بھی جعلی پرائس لسٹیں شہر میں پھیلائی جارہی ہیں،کمشنر کراچی کے زیر نگرانی کارروائی میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر نے کریم آباد میں پرنٹنگ پریس پر چھاپہ مارکے پریس کے مالک کو حراست میں لے لیا،مذکورہ پریس سے جعلی سرکاری پرائس لسٹیں اور کنٹرولر جنرل آف پرائسز کی جعلی مہریں بھی برآمد ہوئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جعلی لسٹوں کی تیاری اور تقسیم میں ملوث سرکاری ملازمین نے پرنٹنگ پریس کے مالک پر سارا ملبہ ڈال دیا ہے، کمشنر کراچی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ شہر میں منظم گروہ جعلی پرائس لسٹیں پھیلارہا ہے جس میں اشیائے خورونوش کی من مانی قیمتیں درج کی جارہی ہیں اس سلسلے میں سبزی اور مرغی کی جعلی پرائس لسٹیں پکڑی گئی ہیں جبکہ نئی لسٹوں کی تیاری کا کام دوسرے پرنٹر کو سونپا گیا ہے۔



پولیس نے جعلی لسٹوں کی چھپائی اور تقسیم کے بارے میں تحقیقات شروع کردی ہیں،دودھ فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران گزشتہ روز صدر کے علاقے سے لیے گئے دودھ کے10 نمونوں میں سے9 نمونے غیرمعیاری پائے گئے ہیں اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس نے بتایا کہ گراں فروشوں کیخلاف چالان کرکے انھیں عدالتوں میں طلب کیا جارہا ہے، دودھ کے تھوک فروشوں اور فارمرز اور پولٹری ایسوسی ایشن کو بھی طلب کیا گیا ہے،کمشنر نے بتایا کہ 4 ماہ کے دوران گراں فروشی پر ایک کروڑ 28 لاکھ 14ہزار500 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، 9834 گراں فروشوں کے چالان کیے گئے جبکہ 195گراں فروشوں کو جیل بھیجا گیا۔