بھارت میں زہریلی شراب پینے سے ہلاکتیں 130 ہوگئیں

پولیس نے زہریلی شراب فروخت کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا جب کہ محکمہ ایکسائز نے 2 افسران کو معطل کردیا


ویب ڈیسک February 23, 2019
ہلاک ہونے والوں میں بڑی تعداد خواتین کی بھی ہے۔ فوٹو : بھارتی میڈیا

بھارت میں زہریلی شراب پینے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 130 ہوگئی ہے جب کہ 150 سے زائد شہریوں کی حالت غیر ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست آسام کے دو مختلف علاقوں میں ایک ہی روز زہریلی شراب پینے کے واقعات میں مجموعی طور پر 130 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 150 سے زائد افراد کی حالت غیر ہے جو زیر علاج ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ آسام کے علاقے گولہ گھٹ میں زہریلی شراب پینے سے 95 افراد ہلاک ہوئے جب کہ جورہٹ میں 35 افراد زہریلی شراب کا شکار بنے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بڑی تعداد خواتین کی بھی ہے۔

وزیراعلیٰ آسام نے دونوں کی واقعات کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ذمہ داروں کو منطقی انجام تک پہنچانے کا حکم دیا ہے جس کے بعد پولیس نے زہریلی شراب فروخت کرنے والے ایک شخص کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ ایکسائز نے بھی انکوائری کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے زہریلی شراب کی فروخت کی روک تھام میں ناکامی پر دو مقامی افسران کو معطل کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کردی ہے۔

واضح رہے کہ دو ہفتے قبل اتر پردیش اور اتر کھنڈ میں ایک ہی دن میں زہریلی شراب پینے سے 100 سے زائد افراد اپنی جانوں سے چلے گئے تھے جب کہ ان علاقوں میں سالانہ زہریلی شراب سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔