اجے دیوگن بھی علی ظفر کی حب الوطنی کے گن گانے لگے

پلوامہ حملے پر وزیر اعظم عمران خان کے خطاب کی حمایت کرکے علی ظفر نے اپنے ملک سے وفاداری کا ثبوت دیا ہے، اجے دیوگن


ویب ڈیسک February 24, 2019
علی ظفر پاکستانی ہیں لہٰذا وہ اپنے ملک اوراپنی قوم کو سپورٹ کریں گے، اجے دیوگن فوٹوفائل

بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن کا کہنا ہے کہ علی ظفر نے پلوامہ حملے کے بعد پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے خطاب کی حمایت کرکے اپنے ملک سے وفاداری کا ثبوت دیا ہے۔

پلوامہ حملے پر پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی الزامات کاجواب دیتے ہوئے کہاتھا کہ اگر بھارت نے حملہ کیا تو بھرپور جواب دیں گے۔ وزیر اعظم کی اس تقریر کو ناصرف پوری قوم نے بلکہ پاکستانی فنکاروں نے بھی بے حد سراہاتھاجن میں علی ظفر بھی شامل تھے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: علی ظفر کی ٹوئٹ پر بھارتی آپے سے باہر ہوگئے

علی ظفر نے ٹوئٹر پر وزیر اعظم کی تقریر کی تعریف کی تھی جس نے بھارتیوں کے تن بدن میں آگ لگادی تھی اور بھارتیوں نے عمران خان کو سپورٹ کرنے پر علی ظفر کو دھمکی دیتے ہوئے کہاتھا اب کبھی بھارت مت آنا۔

تاہم بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن نے دیگر بھارتیوں کے برعکس علی ظفر کو حب الوطن قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ ''علی ظفر پاکستانی ہیں لہٰذا ظاہر سی بات ہے وہ اپنے ملک اوراپنی قوم کو سپورٹ کریں گے اور ہم اپنے ملک کو سپورٹ کریں گے۔ علی ظفر نے جو کچھ کہا میرے پاس اس کے خلاف ہونے کی یا اسے ناپسند کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے، علی ظفر نے اپنے ملک وقوم سے وفاداری کا ثبوت دیا ہے۔''



اس خبرکوبھی پڑھیں: پہلے سے پابندی کا شکار پاکستانی فنکاروں پر دوبارہ کیسے پابندی لگ سکتی ہے؟

اس کے ساتھ ہی اجے دیوگن نے مزید کہا جب بھی کوئی واقعہ ہوتا ہے ہم سب اس کے خلاف متحد ہوجاتے ہیں، ہر بار ایسا ہوتا ہے کہ آپ کسی واقعے کے خلاف کھڑے ہوئے اور کچھ وقت گزرنے کے بعد آپ اس واقعے کو بھول جاتے ہیں لیکن صرف متحد ہونا یا اس واقعے کے خلاف کھڑے ہونا ہی کافی نہیں ہے بلکہ اس پر ڈٹے رہنا چاہیے۔ اس کے بعد پھر کوئی واقعہ ہوتا ہے اور ہم پھر یہی عمل دہراتے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: بھارت نے حملہ کیا تو بھرپور جواب دیں گے، وزیراعظم

واضح رہے کہ پلوامہ حملے کے بعد اجے دیوگن نے اپنی فلم ''ٹوٹل دھمال''کو پاکستان میں ریلیز نا کرنے کا فیصلہ کیاتھا اوران کو دیکھتے ہوئے دیگر فلمسازوں اور اداکاروں نے بھی اپنی فلمیں پاکستان میں ریلیز نا کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ تاہم دیکھنا یہ ہے کہ اجے دیوگن سمیت دیگر بالی ووڈ فلمساز کب تک اپنے فیصلے پر قائم رہتے ہیں کیونکہ پاکستان بالی ووڈ فلموں کی بڑی مارکیٹ ہے اور ہر فلمساز کی یہی خواہش ہوتی ہے کہ ان کی فلمیں پاکستانی سینماؤں میں بھی نمائش کے لیے پیش کی جائیں۔