امریکا میں امیزون کمپنی کا مال بردار طیارہ گر کر تباہ 3 افراد ہلاک

دریا کی تہہ میں طیارے کے ملبے سے 2 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں اور تیسرے شخص کی تلاش جاری ہے


ویب ڈیسک February 25, 2019
طیارہ ہوسٹن کے ایک دریا میں جاگرا۔ فوٹو : ٹویٹر

امریکا میں امیزون کمپنی کے زیر استعمال مال بردار طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تینوں افراد ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ہوسٹن کے جارج بش انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے میامی کے لیے پرواز بھرنے والے پرائم ایئر کے مال بردار طیارے بوئنگ 767 ہوسٹن کے ایک دریا میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تینوں افراد ہلاک ہوگئے۔

پولیس نے غوطہ خوروں کی مدد سے طیارے کا ملبہ تلاش کرلیا جس میں سے 2 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جب کہ تیسرے شخص کی بھی زندہ ملنے کی امید دم توڑ گئی ہے۔ طیارے کا بلیک باکس نہ ملنے کی وجہ سے حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ پرواز بھرنے کے کچھ دیر بعد جب طیارہ 6 ہزار فٹ کی بلندی پر تھا، طیارے کا کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہوگیا جس پر ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا تھا۔ ریسکیو اداروں نے طیارے کے ملبے کو زیر آب ڈھونڈ نکالا ہے۔ یہ جہاز معروف کمپنی امیزون کے زیر استعمال تھا۔