شہرمیں روایتی نائٹ کرکٹ میچز کی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں

نائٹ میچز تفریح کا عمدہ ذریعہ ہیں، لیاری اور کٹی پہاڑی کے نوجوان بھی کرکٹ کے سحر میں گرفتار، انٹرنیشنل کھلاڑی بھی۔۔۔


Sports Reporter August 01, 2013
شہر کی ایک شاہراہ پر نوجوان برقی قمقمے لگا کر نائٹ کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں۔ فوٹو : محمد ثاقب

DASKA: رمضان المبارک کے دوران شہر قائد میں روایتی نائٹ کرکٹ میچز کی سرگرمیاں عرج پر پہنچ گئی ہیں۔

ہر سال کی طرح رواں سال بھی میدانوں، پارکوں، چوراہوں اور سڑکوں پر منعقد ہونیوالے میچ اور ٹورنامنٹس عوام کی تفریح اور دلچسپی کا عمدہ ذریعہ بنے ہوئے ہیں، ان مقابلوں میں ٹیسٹ کرکٹرز، انٹرنیشنل اور فرسٹ کلاس کھلاڑی بھی پیشہ وارانہ بنیادوں پر اپنے کھیل کے جوہر دکھاتے ہوئے شائقین کی دلچسپی کا باعث بن رہے ہیں اور ساتھ ہی ٹیم میں نمائندگی کا معقول معاوضہ بھی وصول کررہے ہیں۔

دوسری جانب مختلف اداروں نے رمضان نائٹ کرکٹ کے لیے اپنی ٹیمیں تشکیل دی ہیں اور اپنی تشہیر کی خاطر بڑے بڑے انعامات بھی رکھے ہیں، رواں سال پی سی بی نے بھی کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پہلا پی سی بی رمضان کپ نائٹ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کروا ڈالا جس کی انعامی رقم 20 لاکھ روپے رکھی گئی، ایونٹ پر اٹھنے والے اخراجات ایک کروڑ روپے سے بھی زیادہ تھے لیکن منتظمین کی ناقص منصوبہ بندی سے شائقین کرکٹ نے اسٹیڈیم کا رخ کرنے سے اجتناب کیا۔

دوسری جانب رمضان کے دوران شہر میں برسوں سے جاری نائٹ کرکٹ کے دیگر ایونٹس کے اہمیت میں کوئی کمی نہیں آئی، اصغر علی شاہ اسٹیڈیم میں ہونیوالے ڈاکٹر ایم اے شاہ نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ شہر کے بڑے ٹورنامنٹس میں سے ہے اور شوبز اور ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز ہے، اس برس کراچی جیمخانہ کے تحت ہونیوالی رمضان کرکٹ ٹرافی 28ویں سال میں داخل ہوگئی جبکہ آغا خان جیمخانہ بھی کسی سے پیچھے نہیں ہے، اس کے26ویں رمضان کرکٹ فیسٹیول میں معروف کھلاڑی اورٹیمیں شریک ہیں، پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان معین خان کی نگرانی میں ہر سال کی طرح اس سال بھی ڈی ایچ اے اسپورٹس اسٹیڈیم میں تیسرا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ جاری ہے۔



علاوہ ازیں لیاقت آباد رمضان سپر کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ اورہل پارک گراؤنڈ پر گرینز سندھ ٹورنامنٹ قابل ذکر ہیں، مقامی کرکٹ کلبز کے تحت بھی بے شمار مقابلوں منعقد ہو رہے ہیں جو نوجوانوں کو بہترین تفریح فراہم کر رہے ہیں، عام طور پر عشا کی نماز کے بعد شروع ہونے والے ان نائٹ ٹورنامنٹس کے میچز سحری سے قبل تک جاری رہتے ہیں، بعض مقامات پر منچلے اور شوقین افراد سٹے بازی سے بھی گریزاں نہیں ہیں اور اچھے مقابلوں میں بھاؤ بھی لگایا جارہا ہے لیکن اس عمل کے منظم ہونے کا ثبوت سامنے نہیں آیا، خون و کشت میں نہائے شہر قائد میں رمضان کے مہینے میں ہونے والے والی نائٹ کرکٹ میچز باہمی محبت، اخوت اور بھائی چارے کو تقویت دینے اور استحکام کا باعث بن رہے ہیں، ملیر، لانڈھی، کورنگی، ناظم آباد، گلبرگ، اورنگی اور نیوکراچی کے علاوہ سہراب گوٹھ، کٹی پہاڑی اور گینگ وار کی وجہ سے مشہور ہوجانے والے لیاری میں بھی کرکٹ کے مداح رات گئے کرکٹ سے لطف اندوز ہونے میں مصروف ہیں۔

سابق ٹیسٹ کپتان ظہیر عباس کا کہنا ہے کہ کراچی کرکٹ کی نرسری ہے اور رمضان کرکٹ نے اس شہر کی کرکٹ کو دوام بخشاہ ہے جو جونوانوں کو بے راہ روی سے بچانے میں بھی اہم کردار ادا کررہی ہے، سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف نے کہا کہ فریشٹریشن کا شکار کراچی کے نوجوان اور عام شہری رمضان کرکٹ کے ذریعے اپنی الجھنوں سے دور ہوکر تفریح حاصل کر رہے ہیں، سابق ٹیسٹ کپتان معین خان نے کہا کہ رمضان کرکٹ میچز کے ذریعے کھلاڑیوں کو اپنی اہلیت کے اظہار کے مواقع ملتے ہیں، نائٹ کرکٹ ایونٹس میں شرکت کے لیے لاہور سے آئے ٹیسٹ آل راؤنڈر عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ رمضان کرکٹ ایونٹس ہم جیسے پروفیشنل کرکٹرز کے لیے دو پیسے کی آمدنی کا ذریعہ بھی ہے، رمضان میں نائٹ کر کٹ کے فروغ کے حوالے سے کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کو اپنا کردار کرنا چاہیے جس میں وہ بری طرح ناکام نظر آ رہی ہے، اگررمضان کرکٹ کو منظم انداز میں منصوبہ بندی کے تحت منعقد کیا جائے تو نوجوانوں میں سے انمول ہیرے سامنے آسکتے ہیں جو ملک و قوم کا نام بلند کر سکتے۔