ریحان بٹ نے قومی ٹیم کیلیے دوبارہ خدمات پیش کردیں

باضابطہ طور پر کبھی انٹرنیشنل ہاکی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا، سابق کپتان


باضابطہ طور پر کبھی انٹرنیشنل ہاکی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا،سابق کپتان۔ فوٹو: فائل

سابق کپتان ریحان بٹ نے قومی ٹیم کیلیے اپنی خدمات پیش کر دیں، تجربہ کار کھلاڑی کا کہنا ہے کہ میں نے باضابطہ طور پر کبھی انٹرنیشنل ہاکی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا، مکمل طور پر فٹ اور کیمپ میں موجود بیشتر کھلاڑیوں سے زیادہ بہتر کارکردگی دکھا سکتا ہوں۔

یاد رہے کہ ریحان سے قبل پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ سہیل عباس نے بھی کھیل میں واپسی کا اشارہ دیا ہے۔ نمائندہ'' ایکسپریس'' سے خصوصی بات چیت میں ریحان بٹ نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کے پاس ورلڈ سیریزکے ذریعے ورلڈ کپ تک رسائی کا سنہری موقع تھا جو گنوا دیا، میں سمجھتا ہوں کہ اس مشکل وقت میں مجھے پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے، ملک نے مجھے عزت، دولت اور شہرت سب کچھ دیا، اب میرا وطن مشکل میں ہے تو میں پیچھے کیوں ہٹوں، میں چاہتا ہوں کہ ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر کے ورلڈکپ تک رسائی ممکن بنانے میں کردار ادا کروں۔



ایک سوال پر ریحان بٹ نے کہا کہ میں نے باضابطہ طور پر کبھی انٹرنیشنل ہاکی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا، مکمل طور پر فٹ ہوں اور جم ٹریننگ، ایکسرسائز کے ساتھ پریکٹسکا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہوں۔ یاد رہے کہ تجربہ کار فارورڈ نے قومی ٹیم میں واپسی کا عندیہ اس وقت دیا جب پاکستانی ٹیم ایشیا کپ کی تیاریوں میں مصروف ہے، کیمپ میں تجربہ کار کھلاڑی وسیم احمد، شکیل عباسی، محمد عمران شامل ہیں جبکہ ہالینڈ سے لیگ کھیل کر آنے والے گول کیپر سلمان اکبر کی بھی ابتدائی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔

300 سے زائد انٹرنیشنل میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے ریحان بٹ نے مزید کہاکہ پہلے مرحلے میں مجھے کیمپ میں بلایا جائے اگر دوسرے کھلاڑیوں سے زیادہ فٹ اور پرفارمنس میں بہتر نظر آیا تو ٹیم کے ساتھ ملائیشیا بصورت دیگرگھر بھیج دیا جائے، انھوں نے مزید کہا کہ مجھ میں ابھی ہاکی باقی ہے اور مزید چند برس قومی ٹیم کی نمائندگی کر کے اپنے کھیل سے ملک وقوم کا نام روشن کر سکتا ہوں۔

مقبول خبریں