ٹرمپ اور کِم جونگ اُن کے درمیان دوسری تاریخی ملاقات

ملاقات میں شمالی کوریا کے جوہری تنصیبات کی تلفی کے جائزے کے علاوہ اقتصادی پابندیاں ہٹانے سے متعلق فیصلہ بھی متوقع ہے


ویب ڈیسک February 27, 2019
دونوں رہنماؤں نے ہنوئی کے میٹروپول ہوٹل میں ایک ساتھ لنچ کیا۔ فوٹو : ٹویٹر

ویت نام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کے درمیان دوسری تاریخی ملاقات میں فریقین کے مابین برف پگھلتی نظر آرہی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کے جوہری تنصیبات اور ہتھیاروں کو تلف کرنے کے معاہدے پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے صدر ٹرمپ اور کم جونگ اُن کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کا آغاز ویت نام میں ہوگیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ معاہدہ گزشتہ برس جون میں ہونے والی پہلی ملاقات میں طے پایا تھا۔

دو روزہ مذاکراتی دورہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن ایک روز قبل ہی ویت نام کے شہر ہنوئی پہنچ گئے تھے جہاں آج انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ایک ساتھ لنچ کیا اور باہمی دلچسپی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : امریکی صدر اور شمالی کوریا کے سربراہ کے درمیان پہلی تاریخی ملاقات

تازہ مذاکرات میں بنیادی طور پر جزیرہ نما کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کے لیے طے پانے والے معاہدے کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جب کہ شمالی کوریا پر عائد عالمی اقتصادی پابندیوں کو ہٹانے کے لیے اقدامات بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اقتصادی پابندیوں کے سبب گزشتہ برس شمالی کوریا کو معاہدے کے لیے مجبور کردیا تھا اور 1953 کی کوریائی جنگ کے بعد جنوبی اور شمالی کوریا کے درمیان پہلی ملاقات ممکن ہوسکی تھی جس کے بعد جزیرہ نما کوریا میں جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کی امید پیدا ہوچلی ہے۔