محمد عمران کا کھیل کے ذریعے بھارت کو امن کا پیغام  

میاں اصغر سلیمی  جمعرات 28 فروری 2019
مودی سرکار گیمز میں بھی اپنی سیاست چمکا رہی ہے، سابق ہاکی کپتان

مودی سرکار گیمز میں بھی اپنی سیاست چمکا رہی ہے، سابق ہاکی کپتان

پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان محمد عمران نے کھیلوں کے ذریعے بھارت کو امن کا پیغام دے دیا ۔

سابق ہاکی کپتان محمد عمران کا کہنا ہے کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور پورے خطے میں امن کا داعی ہے، آئیں اپنے اختلافات بھلا کر پیار محبت اور امن کی فضا کا دوبارہ آغاز کریں، یہ سلسلہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر ہاکی سیریز سے کیا جا سکتا ہے، اگر بھارت پھر بھی جارحیت کرنے کا متمنی ہے تو پوری قوم پاک فوج کے ساتھ مل کر دشمن کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہے۔

سابق قومی کپتان محمد عمران جن کا تعلق خود پاکستان آرمی کے ساتھ ہے، انہوں نے کہا کہ اگر دونوں ملک اپنے اختلافات بھلا کر اکٹھے چلتے ہیں تو اس نے نہ صرف پاک، بھارت کی عوام میں خوشحالی آئے گی بلکہ ایشیا بالخصوص اس خطے کا بھی فائدہ ہوگا۔

محمد عمران نے کہا کہ ہم اسپورٹس لوورز ہیں اور کھیلوں کے ذریعے امن کا پیغام دینا چاہتے ہیں،میری رائے میں کھیلوں کو سیاست سے الگ رہنا چاہیے تاہم مودی سرکار گیمز میں بھی اپنی سیاست چمکا رہی ہے، اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر سیریز کا انعقاد ہوتا ہے تو اس سے نہ صرف خطے کی ہاکی میں بہتری آئے گی بلکہ دونوں ملکوں پر چھائے نفرتوں کے سیاہ بادل بھی چھٹ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری نظر میں سب سے پہلے پاکستان ہے اور ہمیں اپنی عزت نفس سب سے پیاری ہے، اگر بھارت ہمارے ساتھ کھیلنے کے لئے تیار ہے تو ہمیں ضرور کھیلنا چاہیے، انکار کی صورت میں ہمارے پاس کھیلنے کے لئے اور بھی کافی آپشنز موجود ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔