شام میں زہریلی گیس استعمال کرنے کے شواہد مل گئے

یہ رپورٹ او پی سی ڈبلیو نے شام کے دوما میں گزشتہ برس اپریل میں ہونے والے حملے کی چھان بین کے بعد جاری کی


ویب ڈیسک March 02, 2019
شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے بچوں کی بڑی تعداد متاثر ہوئی تھی (فوٹو : فائل)

انسداد کیمیائی ہتھیاروں کے ادارے 'او پی سی ڈبلیو' نے دعویٰ کیا ہے کہ شام کے شہر دوما میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے شواہد ملے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کیمیائی ہتھیاروں کے عالمی ادارے او پی سی ڈبلیو نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایسے 'قابل فہم حقائق' ملے ہیں جن سے گزشتہ برس شامی شہر دوما میں ہونے والی جنگی کارروائیوں کے دوران زہریلی گیس کلورین کا استعمال ثابت ہوجاتا ہے۔

Syria 2

کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے لیے کام کرنے والے ادارے OPCW نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا ہے کہ مکمل چھان بین کے بعد شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا دعویٰ کر رہے ہیں تاہم یہ ہتھیار کس کی جانب سے استعمال ہوئے اس کی تحقیقات ادارے کے دائرہ اختیار میں نہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس اپریل میں شام کے شہر دوما میں کیے گئے ایک حملے میں 40 افراد ہلاک ہوئے تھے اور اس حملے کے متاثرین کی ایسی ویڈیوز جاری ہوئی تھیں جس میں متاثرین پر کیمیائی ہتھیاروں کے اثرات کا بخوبی اندازہ کیا جا سکتا تھا۔