کینیا میں ہیلی کاپٹر حادثے میں 4 امریکی سیاح اور پائلٹ ہلاک

کینیا کے اس سیاحتی مقام پر نایاب پرندوں کے شکار کے لیے دنیا بھر سے شکاری آتے ہیں


ویب ڈیسک March 04, 2019
ہیلی کاپٹر حادثہ کینیا کے سیاحتی مقام جھیل ترکانا کے نزدیک پیش آیا۔ فوٹو : فائل

MADRID: کینیا میں ہیلی کاپٹر گرنے کے نتیجے میں 4 امریکی سیاحوں سمیت مقامی پائلٹ ہلاک ہوگیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی ملک کینیا کے شمال مغرب میں جھیل تُرکانا میں واقع دور دراز جزیرے پر ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ ہیلی کاپٹر میں 4 امریکی سیاح سوار تھے جب کہ پائلٹ مقامی شہری تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثہ سینٹرل آئی لینڈ نیشنل پارک میں اتوار کی رات پیش آیا، ہیلی کاپٹر میں سوار پانچوں افراد ہلاک ہوگئے، ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔

پولیس کی جانب سے ہلاک ہونے والے امریکیوں سیاحوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم امریکا میں مقیم اُن کے اہل خانہ کو حادثے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کینیا کا سیاحتی مقام ترکانا جھیل اپنی خوبصورتی کے باعث نہ صرف دنیا بھر میں مشہورہے بلکہ یہ ہجرت کرکے آنے والے نایاب پرندوں کا عارضی مسکن بھی ہے جس کی وجہ سے یہ بیرون ملک سے آنے والے شکاریوں کی پسندیدہ جگہ ہے۔