عباسی شہید اسپتال میں آپریشن کو اسکرین پر دیکھنے کیلیے مشین نصب

عباسی شہید اسپتال کے ایم سی کاچہرہ ہے یہ صحیح ہوگا توکے ایم سی کا امیج بہتر ہوگا،میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹرسیف الرحمن


Staff Reporter March 05, 2019
عباسی شہید اسپتال کے ایم سی کاچہرہ ہے یہ صحیح ہوگا توکے ایم سی کا امیج بہتر ہوگا،میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹرسیف الرحمن

عباسی شہید اسپتال میں آپریشن کے دوران مریضوں کی سرجری سے آگاہ رہنے اور اسکرین پر جائزہ لینے کی جدید مشین امیج انٹینسی فائر آرتھوپیڈک آپریشن تھیٹر میں نصب کردی گئی ۔

میئر وسیم اختر اور میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹرسیف الرحمن کی کاوشوں سے اسپتال میں نصب کی گئی اس جدید مشین کے بعد عباسی شہید اسپتال میں ان مریضوں کے آپریشن آسانی سے ہوسکیںگے جنھیں اس مشین کی لازمی ضرورت ہوتی ہے، ڈاکٹر سیف الرحمن نے اس حوالے سے بتایا کہ عباسی شہید اسپتال میں یہ مشین کئی سال پہلے بھی موجود تھی مگر مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے خراب ہوگئی تھی لہٰذا اسپتال میں مشین کی دوبارہ تنصیب کے لیے مختلف اداروں سے بات کی گئی جس پر اسپتال کو یہ جدید ترین مشین عطیے میں مل گئی،عباسی شہید اسپتال میں اس مشین کے خراب ہونے سے یہاں آنے والے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا تھا جنھیں اپنے آپریشن کے لیے اس مشین کی ضرورت پیش آتی تھی ان اسپتالوں میں جہاں یہ مشین موجود تھی مریضوں کا رش بھی بڑھ گیا تھا۔

ہماری شروع ہی سے یہ کوشش ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیرانتظام اسپتالوں کو مریضوں کے لیے ہر طرح کی سہولت سے آراستہ کریں اس مشین کا آنا بھی ہماری ان ہی کوششوں کا نتیجہ ہے جس میں پروفیسر ڈاکٹر عامر جلیل اور ڈاکٹر امجد گلزار کی کاوشوں کا بھی بہت دخل ہے ، بہت سارے آپریشن ایسے ہوتے ہیں جن میں اس مشین کی ضرورت یقینی طور پر پیش آتی ہے لہٰذا اب عباسی شہید اسپتال میں آنے والے وہ مریض جو پہلے اس مشین کے نہ ہونے کی وجہ سے دیگر اسپتالوں میں چلے جایا کرتے ہیں اب انھیں اسی اسپتال میں اس جدید مشین کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔

آپریشن تھیٹر میں چونکہ ایکسرے دیکھ کر سرجری نہیں کی جاتی اس لیے دوران آپریشن ضرورت پڑنے پر اس مشین کا ہونا بہت ضروری ہوتا ہے، میئر کراچی وسیم اختر کا یہ وژن ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام تمام اسپتالوں کو بہتر سے بہتر بنایا جائے اور یہاں آنے والے مریضوںکوبہتر سہولت مہیا ہوں،عباسی شہید اسپتال کراچی کا تیسرا بڑا اسپتال ہے اس اسپتال کو غیر فعال نہیں ہونے دیں گے،عباسی شہید اسپتال کے ایم سی کا چہرہ ہے یہ صحیح ہوگا تو کے ایم سی کا امیج بہتر ہوگا۔