کراچی میں ہلکی بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن، کئی موٹر سائیکل سوار گرکر زخمی

محکمہ موسمیات نے آئندہ دو سے تین روز کے دوران شہر میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے


ویب ڈیسک July 17, 2026

کراچی کے مختلف علاقوں میں رات اور صبح کے وقت ہلکی بارش کے بعد سڑکوں پر پھسلن کے بعد کئی موٹر سائیکل سوار گر کر زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق شہر میں سمندر کی نچلی سطح کے بادلوں کے سبب رات گئے اور صبح کے وقت بوندا باندی اور ہلکی بارش سے موسم خوش گوار ہوگیا تاہم ہلکی بارش کے بعد سڑکوں پر پھسلن سے صبح موٹر سائیکل پر دفاتر جانے والے افراد حادثات کا شکار ہوئے۔

شارع فیصل، ملت ایکسپریس وے، شہید ملت روڈ، یونیورسٹی روڈ، مین کورنگی روڈ، لسبیلہ، ایم اے جناح روڈ، کلفٹن اور ڈیفنس سمیت مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوئی۔

شہید ملت روڈ اور ایکسپریس وے پر کئی موٹر سائیکل سوار گر کر زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ شہر کی مختلف شاہراہوں پر شہری اپنی مدد آپ کے تحت ٹریفک کنٹرول کرتے ہوئے بھی نظر آئے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو سے تین روز کے دوران شہر کا موسم ابرآلود رہنے کے ساتھ رات اور صبح کے وقت بوندا باندی اور ہلکی بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم، خشک اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔