بھارت دنیا کا آلودہ ترین ملک ہے، تحقیق

ویب ڈیسک  منگل 5 مارچ 2019
بھارتی دارالحکومت کے نزدیکی شہر گروگرام دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار۔ فوٹو : فائل

بھارتی دارالحکومت کے نزدیکی شہر گروگرام دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار۔ فوٹو : فائل

 واشنگٹن: ماحولیاتی آلودگی کی دو بڑی تنظیموں کی جانب سے جاری تحقیقی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دنیا کے 30 آلودہ ترین شہروں میں سے 22 بھارتی شہر ہیں۔ 

ماحولیاتی آلودگی کے لیے کام کرنے والی دو معروف تنظیموں ایئر ویژول اور گرین پیس نے ہوا کے معیار کے لحاظ سے دنیا کے 30  آلودہ ترین شہروں کی فہرست مرتب کی ہے، 30 آلودہ ترین شہروں میں سے 22 شہر بھارت کے ہیں۔

بھارتی دارالحکومت نئی دلی کے نواحی شہر گروگرام کو دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ہے جہاں ہوا کے معیار کا تناسب 135.8 ہے جو کہ صحت مند فضا کے لیے درکار تناسب سے تین گنا زیادہ آلودہ ہے۔

ماہرین کے مطابق ان شہروں میں صرف ہوا کے معیار کا تناسب ہی بہت خراب نہیں بلکہ ہوا میں موجود ’فائن پارٹیکلز‘ کی مقدار بھی بہت کم تھی۔ ماہرین ہوا کے معیاری اور صحت مند ہونے کو ایک انڈیکس سے ظاہر کرتے ہیں جسے ’ایئر کوالٹی انڈیکس‘ کہا جاتا ہے۔

بھارتی شہروں میں دہلی، کلکتہ، احمد آباد، آگرہ، لکھنو، غازی آباد، فریدآباد، پٹنہ، اور دیگر کا ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد کو بھی پار کرچکا ہے جو شہریوں کی صحت کے لیے نہایت مہلک ہے۔ حکومت وقت نے ماحولیاتی آلودگی کے سدباب کے لیے اب تک ٹھوس اقدامات نہیں اُٹھائے ہیں۔

واضح رہے کہ پہلے ہی ’فائن پارٹیکلز‘ کی ہوا میں موجودگی کے لحاظ سے بھی دنیا کے آلودہ ترین 20 شہروں میں سے 14 بھارتی شہر تھے اور اب ہوا کی کوالٹی کے انڈیکس کے حساب سے بھی دنیا کے آلودہ ترین 30 شہروں میں سے 22 بھارتی شہر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔