نیب بااثر افراد پر ہاتھ ڈالنے سے ڈرتا ہے سپریم کورٹ

بدعنوان لوگ ملک لوٹ کر کھا گئے لیکن کوئی ان پر ہاتھ نہیں ڈالتا، جسٹس گلزار احمد


ویب ڈیسک March 06, 2019
نیب کی ہر چیز میں گڑ بڑ اور آنگن ہی ٹیڑھا ہے، جسٹس گلزار احمد فوٹو:فائل

سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے ہیں کہ قومی احتساب بیورو بااثر افراد پر ہاتھ ڈالنے سے ڈرتا ہے۔

جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ (این آئی سی ایل) کرپشن کیس کی سماعت کی۔ جسٹس گلزاراحمد نے استفسار کیا کہ ملزم محسن حبیب کوگرفتار کیوں نہیں کیا گیا، اتنا بڑاکیس ہے اورمحسن حبیب آرام سے گھوم رہا ہے۔

ملزم کے وکیل نے بتایا کہ محسن حبیب لاہور میں ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ انہیں نیب نے طلب کیا تھا۔ جسٹس گلزاراحمد نے ریمارکس دیے کہ نیب نے ان کو چائے پلائی ہوگی اور کیک کھلائے ہونگے۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ سپریم کورٹ کا حکم تھا کہ انکو گرفتار نہ کیا جائے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ سپریم کورٹ کا حکم صرف دو دن کیلئے تھا۔

جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ نیب کو آخر تکلیف اور پریشانی کیا ہے، وہ کیا کر رہا ہے، اس کی ہر چیز میں گڑ بڑ اور آنگن ہی ٹیڑھا ہے، بااثر افراد پر ہاتھ ڈالنے سے ڈرتے ہیں، کرپٹ لوگ ملک لوٹ کر کھا گئے کوئی ان پر ہاتھ نہیں ڈالتا، نیب سے اللہ ہی پوچھے گا، کیا کوئی ادارہ نہیں جو نیب کا آڈٹ کرے۔

عدالت نے اگلی سماعت پر نیب پراسیکوٹر جنرل اور محسن حبیب کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔